پاکستانی فنکاروں نے بھارتی جنگی جنون کے خلاف دوٹوک مؤقف دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اپنے وطن کے ساتھ کھڑے ہیں۔
حالیہ دنوں میں مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں دہشت گردی کے واقعے کے بعد بھارتی میڈیا ایک بار پھر بغیر کسی تحقیق کے پاکستان پر الزامات کی بارش کر رہا ہے۔
26 جانوں کے ضیاع پر افسوس کے بجائے بھارتی حکومت نے حسب روایت ثبوت کے بغیر پاکستان کو نشانہ بنایا، فنکاروں پر پابندیاں لگائیں، سندھ طاس معاہدہ معطل کیا، سفیروں کو واپس بلایا اور واہگہ اٹاری بارڈر کو بند کر دیا۔
بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پر ایک بار پھر جنگی جنون کو ہوا دی جا رہی ہے، جواب میں پاکستانی قوم اپنے مزاحیہ memes اور غیر متزلزل حوصلے کے ساتھ میدان میں ہے، ایسے میں پاکستانی فنکار بھی کھل کر سامنے آ گئے ہیں اور اپنے وطن کے لیے زبردست انداز میں آواز اٹھا رہے ہیں۔
معروف اداکار شمعون عباسی اور یاسر نواز نے انسٹاگرام پر بھارتی پروپیگنڈے کو آڑے ہاتھوں لیا۔
شمعون عباسی نے کہا کہ ہم جانوں کے نقصان پر افسردہ ہیں، لیکن بھارتی میڈیا بغیر تحقیق کے جھوٹی مہم چلا رہا ہے، میں نے معاملے کو اچھی طرح سمجھنے کے بعد اظہارِ خیال کیا ہے، جبکہ بھارتی میڈیا صرف جنگی جنون کو ہوا دے رہا ہے۔
یاسر نواز نے بھی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ بھارتیوں کو کیا لگتا ہے؟ کیا ہم نے چوڑیاں پہن رکھی ہیں؟ اگر آپ نیوکلیئر پاور ہیں تو ہم بھی نیوکلیئر پاور ہیں، سیاسی اختلافات اپنی جگہ، لیکن وطن کی حفاظت کے لیے ہم سب ایک ہیں۔
اس کے علاوہ گلوکار فرحان سعید اور عمیر جسوال نے بھارتی پروپیگنڈے کو کرنج (Cringe) قرار دے کر بھارتی میڈیا کی جانب سے کی جانے والی بچگانہ حرکات پر طنز کیا۔
پاکستانی فنکاروں کے یہ بولڈ بیانات سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہے ہیں اور قوم ایک بار پھر متحد ہو کر اپنے وطن کے دفاع کے عزم کو دہرا رہی ہے۔