اسلام آباد (نمائندہ جنگ) ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ اعلیٰ عدالتوں کے ججوں کیخلاف ریفرنس میں شکایت کنندہ صدر مملکت ہیں اور اس کیلئے وزیراعظم کی ایڈوائس کی ضرورت نہیں تھی۔ تاہم پیر کو وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیر قانون نے ریفرنس پر کابینہ کو مکمل طور پر بریف کیا تاکہ کابینہ کو صورتحال کا بخوبی اندازہ ہو سکے۔ ذرائع نے کہا کہ ریفرنسز آئین کے آرٹیکل 209کے تحت دائر کئے گئے ہیں۔ شکایت کنندہ یا تو صدر ہوتے ہیں یا پھر چیف جسٹس۔ ذرائع نے اس ضمن میں جسٹس شوکت صدیقی ریفرنس کا حوالہ دیا اور کہا کہ اس ریفرنس میں چیف جسٹس شکایت کنندہ تھے۔ ذرائع نے یہ بھی کہا کہ ایسے ریفرنسز جس میں صدر شکایت کنندہ ہوں یا چیف جسٹس‘ کابینہ کی منظوری ضروری نہیں ہوتی۔