کراچی (جنگ نیوز، ایجنسیاں) پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کے صدر و قائد حزب اختلاف شہباز شریف، پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری، پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے قوم کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کی ہے ۔ شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قوم کو عید الفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر تمام مسلم امہ اوربیرون ممالک پاکستانیوں کوبھی مبارک دیتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ مشکل معاشی صورتحال، ہوشربا مہنگائی نے ہم وطنوں کی خوشیاں پھیکی کردی ہیں،سیاسی اسیر نوازشریف کے بغیر عید کی خوشیاں نامکمل ہیں، اللہ تعالی امت مسلمہ کو اتحاد، امن، ترقی سے ہمکنار فرمائے اورکشمیر وفلسطین کے مسلمانوں کو ظلم سے نجات عطا فرمائے، سابق صدر آصف علی زرداری نے تمام مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج کا دن ضرورتمند بھائیوں اور بہنوں کی مدد کا تقاضہ کرتا ہے، اللہ تعالی کے حضور سجدہ کرتے وقت ملک کی سلامتی اور قومی یکجہتی کی دعا کی جائے، پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ عید کے موقع پر وہ ملک کی اس غریب عوام کے لیئے فکرمند ہیں جو مہنگائی اور بے روزگاری کے باعث گذر بسر نہ ہونے کے باعث آج آہیں بھرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے آسودہ حال افراد پر زور دیا کہ وہ معاشرے کے غریب بھائیوں سے بھی عید کی خوشیاں بانٹیں۔سراج الحق نے پاکستان اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عید خوشیوں کا دن ہے ، اس موقع پر نادار اور غریبوں کو بھی پنی خوشیوں میں شامل کریں۔انہوں نے کہا کہ عید کے موقع پر دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کو اپنی دعائوں میں یاد رکھیں ۔