نوابشاہ( بیورورپورٹ) گھوٹکی کے مہر برادران نے صوبائی مشیر کھیل محمد بخش مہر کی قیادت میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے زرداری ہاؤس نواب شاہ میں ملاقات کی۔ اس ملاقات میں تحریک انصاف کے مرحوم وفاقی وزیر علی محمد مہر کے فرزند احمد خان مہر جبکہ مشیر کھیل کے بھائی بنگل خان مہر بھی اس ملاقات میں موجود تھے۔احمد خان مہر کی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات نے سندھ کی سیاسی صورتحال میں ہلچل پیدا کردی ہے اس ملاقات میں گھوٹکی کی خالی نشست این اے 205 پر الیکشن لڑنے پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔ گھوٹکی کے ضمنی الیکشن سے قبل پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری بھی گھوٹکی جائیں گے۔ اس موقع پر احمد خان مہر باقاعدہ طور پر پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کریں گے اور پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑیں گے۔ دوسری جانب صوبائی مشیر کھیل محمد بخش مہر کے ذرائع کا دعویٰ ہے کہ احمد خان مہر نے پی پی شمولیت اختیار کر لی ہے اور تحریک انصاف کی صوبائی قیادت بھی اس ملاقات کو سنجیدگی سے لے رہی ہے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عوام کو سڑکوں پر آکر ملک اور ملکی معیشت کو بچانا ہو گا۔ عوام کو مہنگائی کی دلدل میں دھکیل دیا گیا ہے عوام سے دو وقت کی روٹی بھی چھین لی ہے۔ عوام ملک کو بچانے کے لیے پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں۔ اس حکومت سے چھٹکارے کے لیے عوام کو سڑکوں پر آنا ہوگا۔ بعد ازاں بلاول بھٹو زرداری نے زرداری ہاؤس سے ملحقہ پیپلز سیکریٹریٹ کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر پی پی کے ضلعی صدر علی اکبر جمالی نے بلاول بھٹو کا استقبال کیا۔