• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ، مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے معاملہ کی سماعت لارجر بنچ میں کرنے کا حکم

اسلام آباد (نمائندہ جنگ،نیوز ایجنسیاں)سپریم کورٹ نے غداری سمیت مختلف سنگین نوعیت کے مقدمات میں ملوث ملزم پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے متعلق سندھ ہائی کورٹ کے فیصلہ کے خلاف وفاقی حکومت کی اپیل اور ملزم کی متفرق درخواست کو یکجا کرتے ہوئے ان کی سماعت لارجر بنچ میں کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے مزید سماعت آج تک ملتوی کردی،چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے ریمارکس دیئے کہ ملزم کی نئی میڈیکل رپورٹ پر تبصرہ نہیں کریں گے، کیونکہ اخبارات میں شائع ہوجاتا ہے، کل فریقین کے وکلا کے دلائل سن کر فیصلہ کیا جائے گا ،حکومتی اپیل اور ملزم پرویز مشرف کی درخواست دونوں کو یکجا کر کے سنیں گے ،چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں جسٹس امیر ہانی مسلم اور جسٹس خلجی عارف حسین پر مشتمل تین رکنی بنچ نے منگل کے روز کیس کی سماعت کی تو ملزم کے وکیل کی طرف سے انکی بیماری کی تازہ ترین رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی ،جس کے مطابق وہ ایسے مرض میں مبتلا ہیں جس کا علاج پاکستان میں ممکن نہیں ہے ،فاضل چیف جسٹس نے ملزم کے وکیل سے پوچھا کہ مرکزی مقدمہ کاکیا ہوا ہے تو انہوں نے کہا کہ3 جولائی 2013 کو سپریم کورٹ نے ایک عبوری حکمنامہ جاری کیا تھاجس میں پرویزمشرف کے بیرون ملک جانے پر پابندی عائد کی گئی تھی لیکن جب حتمی حکمنامہ جاری ہوا تو اس میں اس عبوری آرڈر کا کوئی ذکر نہیں تھا، بلکہ معاملہ وفاقی حکومت پر چھوڑ دیا گیا تھا ،جس پر ہم نے ملزم کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے حوالہ سے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کیا تو فاضل عدالت نے انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت دیدی تھی ،جس کے خلاف وفاقی وزارت داخلہ نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی جس کی ابتدائی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کر دیا تھا اور وفاقی حکومت کی اپیل کو التوا میں رکھا ہے ، فاضل چیف جسٹس نے ان سے استفسار کیا کہ جب سپریم کورٹ کے حتمی حکمنامہ میں ای سی ایل کا کوئی ذکر نہیں ہے تو ان کا نام ای سی ایل پر ڈالنے کا حکم کس نے دیا ہے ؟ تو فاضل وکیل نے بتایا کہ یہ حکم وفاقی وزارت داخلہ نے دیا ، جس پر فاضل عدالت نے وفاقی حکومت کی اپیل اور ملزم پرویز مشرف کی ای سی ایل سے نام نکالنے کے حوالہ سے درخواست کو یکجا کر کے ان کی سماعت لارجر بنچ میں کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت آج تک ملتوی کر دی ۔صباح نیوز کے مطابق پرویز مشرف کے وکیل فروغ نسیم ایڈووکیٹ نے عدالت میں میڈیکل رپورٹ پڑھتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ سابق صدر کی طبیعت انتہائی ناساز ہے ان کی بائیں ٹانگ اور کمرمیں شدید درد ہے اگر ان کا فوری طور پر علاج نہ کیا گیا تو انہیں فالج کا اٹیک ہونے کا خطرہ ہے ، کیس کو فوری طور پر سنا جائے ، عدالت نے استفسار کیا کہ پرویز مشرف کے بیرون ملک جانے میں کس فورم کی جانب سے رکاوٹ ہے تو فروغ نسیم کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ نے پرویز مشرف کا نام ای سی ایل میں ڈال رکھا ہے۔
تازہ ترین