• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

این اے 153 ملتان، این اے 101 وزیرآباد میں کانٹے کے مقابلے کا امکان

اسلام آباد (طارق بٹ) اگلے ہفتے قومی اسمبلی کی دو نشستوں این اے 153 ملتان اور این اے 101 وزیرآباد پر ہونے والے ضمنی الیکشنز میں کانٹے کا مقابلہ ہونے کا امکان ہے۔ یہ دونوں نشستیں ن لیگ نے 2013 کے الیکشن میں جیتی تھیں۔ ان نشستوں پر تحریک انصاف نے ن لیگ کو زبردست انداز میں چیلنج کیا ہے جب کہ تیسری قوت پی پی پی فی الحال زیادہ سرگرم نہیں نظر آرہی ہے۔ عمران خان اپنے امیدواروں کی حمایت میں سرگرم ہیں جب کہ ن لیگ کے کسی سینئر رہنما نے دونوں جگہوں کا دورہ نہیں کیا ہے۔ عمران خان نے ملتان اور وزیرآباد میں خطابات بھی کیے ہیں۔ الیکشن ٹربیونلز نے این اے 153 میں دیوان عاشق حسین بخاری کی اسمبلی رکنیت جعلی ڈگری کی وجہ سے ختم کرکے انہیں نااہل قرار دے دیا تھا جب کہ این اے 101 میں جسٹس ریٹائرڈ افتخار چیمہ کی رکنیت اثاثے ظاہر کرنے میں غلطی کرنے پر ختم کی گئی تھی ۔ پھر سپریم کورٹ نے دونوں کی اپیلیں مسترد کردیں۔ چونکہ جسٹس ریٹائرڈ افتخار چیمہ کو نااہل قرار نہیں دیا گیا، اسی لیے وہ ن لیگ کی طرف سے دوبارہ ضمنی الیکشن لڑ رہے ہیں۔ این اے 153 میں پولنگ 17 مارچ اور این اے 101 میں 22 مارچ کو ہوگی۔ این اے 153 میں کانٹے کا مقابلہ ہوگا جہاں ن لیگ کے قاسم نون اور پی ٹی آئی کے غلام عباس میدان میں ہیں۔ پیپلز پارٹی کے امیدوار ملک اکرم ہیں۔ 2013 میں قاسم نون نے پی پی پی کی طرف سے الیکشن لڑا تھا اور اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 90 ہزار 179 ووٹ لیے تھے، جب کہ کامیاب ہونے والے عاشق بخاری نے 94 ہزار 413 ووٹ لیے تھے۔ پی ٹی آئی کے سید خورشید احمد تیسرے نمبر پر آئے تھے جنہوں نے 18 ہزار 155 ووٹ لیے تھے۔ پھر قاسم نون پی پی پی چھوڑ کر ن لیگ میں شامل ہوگئے۔ دوسری جانب این اے 101 میں افتخار چیمہ نے 99 ہزار 924 ووٹ لیے۔ ان کے مقابلے میں حامد ناصر چٹھہ کے بیٹے احمد چٹھہ نے مسلم لیگ جونیجو کی طرف سے حصہ لیتے ہوئے 60 ہزار 795 ووٹ لیے، ق لیگ سے تعلق رکھنے والے ریٹائرڈ بیوروکریٹ ساجد چٹھہ نے 13 ہزار 886 ووٹ لیے جب کہ تحریک انصاف کے شاہنواز چیمہ نے 11 ہزار 592 ووٹ لیے تھے۔ اب احمد چٹھہ پی ٹی آئی کے طرف سے ضمنی الیکشن لڑ رہے ہیں، جب کہ شاہنواز چیمہ پی ٹی آئی چھوڑ کر ن لیگ میں شامل ہوگئے ہیں۔ پھر پنجاب کے سابق چیف سیکرٹری اور فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے موجودہ چیئرمین نوید اکرم چیمہ کے رشتے دار شاہنواز چیمہ بھی افتخار چیمہ کی مہم میں مدد کررہے ہیں۔ ن لیگ کی جیت سے نشستوں کی واپسی کے علاوہ ان حلقوں پر اس کی گرفت بھی مضبوط ہوگی۔ جب کہ پی ٹی آئی جیتی تو اس کے پست حوصلے بلند ہوں گے۔
تازہ ترین