کراچی(اسٹاف رپورٹر)محکمہ موسمیات کے ٹراپیکل سائیکلون وارننگ سینٹر نے بحیرہ عرب میں موجود ڈپریشن کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا۔ ٹراپیکل سائیکلون وارننگ سینٹر کے مطابق یہ ڈپریشن 36 گھنٹوں کے دوران ٹراپیکل سائیکلون میں تبدیل ہوجائے گا، بحیرہ عرب میں بننے والا ہوا کا کم دباؤ ڈپریشن میں تبدیل ہوگیا ہے جبکہ سائیکلون بننے کی صورت میں اسے ’وایو‘ کا نام دیا جائے گا۔ڈپریشن کراچی کے جنوب میں 1500کلومیٹر دور، جبکہ بھارتی ساحل لکشادویو پر موجود ہے جہاں یہ سسٹم بارشیں برسا رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر عبدالرشید کے مطابق ابتدائی طور پر سسٹم شمال اور شمال مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے، جبکہ موجودہ صورتحال میں اس سسٹم سے پاکستان کے ساحلی علاقوں کو کوئی خطرہ نہیں۔سائیکلون کا رخ کراچی کی ساحلی پٹی پر ہوگا یا نہیں یہ چار دن میں واضح ہوگا البتہ محکمہ موسمیات کی جانب سے سندھ کے ماہی گیروں کو احتیاط برتنے اور گہرے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سائیکلون بننے اور اس کا رخ جنوب کی جانب ہونے کی صورت میں کرا چی شہر میں گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو دن کے دوران پارہ 38 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو سکتا ہے، آئندہ دو دنوں میں گرمی کی شدت میں اضافہ جون میں پڑنے والی معمول کی گرمی ہے، نمی کا تناسب زائد ہونے کی صورت میں درجہ حرارت کی شدت زائد محسوس کی جائے گی۔ محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں سے درخوا ست کی ہے کہ موجودہ سسٹم کی معلومات کیلئے محکمہ موسمیات کی ویب سائٹ وزٹ کریں۔