• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت میں طوفان نے رخ بدل لیا، کراچی میں ہوائیں تھم گئیں

بحیرہ عرب میں اٹھنے والے سمندری طوفان ’وایو‘ نے راستہ بدل لیا ہے جبکہ کراچی میں اس طوفان کے اثرات ظاہر ہونے لگے ہیں، شہر میں سمندری ہوائیں تھم گئیں، گرم موسم نے شہر کو اپنے قبضے میں لے لیا۔


شہری حبس، گھٹن اور گرمی سے پریشان ہیں جنہیں نہ گھر میں چین ہے، نہ باہر آرام مل رہا ہے۔

بھارت میں طوفان نے رخ بدل لیا، کراچی میں ہوائیں تھم گئیں
تصویر: سہیل رفیق

سمندری طوفان ’وایو‘ کراچی سے 540 کلومیٹر دور بھارتی سمندری حدود میں ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفرازکے مطابق سائیکلون ’وایو‘ نے کراچی میں سمندری ہواؤں کو روک دیا ہے، کراچی اور زیریں سندھ ہیٹ ویو کی لپیٹ میں آگئے ہیں۔

انہوں نے بتایا ہے کہ سائیکلون نے رخ تبدیل کیا تو پاکستان کی ساحلی پٹی پر تیز بارشوں کے امکان میں بھی کمی آ گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے گرمی کی شدید لہر کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے پارہ 42 درجے تک اوپر جانے کی پہلے ہی پیشن گوئی کرتے ہوئے کہہ دیا ہے کہ گرمی کی شدت 47سے 50کے درمیان محسوس کئے جانے کا امکان، شہر اتوار تک گرمی کی لہر کی لپیٹ میں رہے گا۔

کراچی والوں کے صبر کے امتحان کا آغاز ہو گیا، سورج صبح سے آنکھیں دکھا رہا ہے، جھلسانے والی گرمی نے کراچی کے باسیوں کا جینا دوبھر کردیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سمندری ہوائیں 15 جون تک بند رہیں گی اس دوران گرمی اور حبس کی شدت برقرار رہے گی جبکہ پارہ 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج دوپہر اور شام میں شہر میں مٹی کا طوفان بھی آسکتا ہے، لیکن بارش کے امکانات کم ہیں۔

دوسری جانب کراچی کے کئی علاقوں میں بجلی کی طویل بندش کے باعث بند پنکے اور اے سی گرمی سے بے حال شہریوں کا منہ چڑانے لگے۔

کے الیکٹرک کا کہنا ہےکہ بجلی کی فراہمی معمول کے مطابق ہے، علاقائی فالٹس دور کرنے کےلیے عملہ کام میں مصروف ہے۔

دوسری جانب بحیرہ عرب میں اٹھنے والے سمندری طوفان وایو نے راستہ بدل لیا ہے۔

بھارتی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بھارتی گجرات پر سائیکلون وایو کےبراہ راست اثرات کا خطرہ ٹل گیا ہےتاہم بھارتی گجرات کےساحل سے گزرتے ہوئے تیز ہوائیں چل سکتی اور بارشیں ہوسکتی ہیں۔

سمندری طوفان وایو کے باعث بھارت کی مغربی ساحلی پٹی پر ہائی الرٹ برقرار ہے، 3 لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ 24 گھنٹے کے لیے فلائٹ آپریشن بند کر دیا گیا ہے۔

تازہ ترین