• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طوفان الرٹ، ڈیڑھ سو ماہی گیر کھلے سمندر سے واپس نہیں لوٹے

ممکنہ سمندری طوفان وائیو اور طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کےبعد سندھ کی ساحلی پٹی پرانتظامیہ کو الرٹ کر دیا گیا ہے، ممکنہ طوفان سے بدین اور ٹھٹھہ کےساحلی علاقے متاثرہ ہو سکتے ہیں۔

طوفان کے الرٹ کے بعد ماہی گیروں کو گہرے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے، زیرو پوائنٹ سے کھلے سمندر میں گئے ہوئے ڈیڑھ سو ماہی گیر اب تک واپس نہیں لوٹے ہیں۔

سندھ کی ساحلی پٹی پر ممکنہ طوفان کے پیش نظر تمام متعلقہ محکموں میں الرٹ اور اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

ایس ایس پی ٹھٹھہ شبیر سیٹھار کے مطابق تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز کو علاقوں میں گشت کو مؤثر بنانے اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں لوگوں کے انخلاء کے لیے ٹرانسپورٹ کا انتظام کرنے کا کہا گیا ہے۔

ساحلی پٹی میں شدید حبس، گھٹن اور دھوپ چھاؤں کی آنکھ مچولی بھی جاری ہے، ماہی گیروں نے کشتیاں ساحل پر کھڑی کر دی ہیں۔

دوسری جانب گولاڑچی اور سجاول کے مقام پر کھلے سمندر میں گئے ڈیڑھ سو سے زائد ماہی گیر واپس نہیں آ سکے ہیں۔

واضح رہے کہ ’وایو‘ نامی سمندری طوفان شدت اختیار کرکے ٹراپیکل سائیکلون میں تبدیل ہوگیا ہے جس کی وجہ سے کراچی میں ہیٹ ویو کا خدشہ ہے۔

بحیرۂ عرب میں سمندری طوفان کے زیراثر شہرِ قائد میں شام تیزہواؤں اور ہلکی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

سمندری طوفان کے باعث کراچی میں آئندہ 12 گھنٹوں میں مٹی کے طوفان کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے، طوفان کے اثرات بدین، ٹھٹھہ اور تھرپارکر ڈسٹرکٹ میں آندھی اور بارش کی صورت ظاہر ہوں گے۔

کراچی میں ہیٹ ویو کا خدشہ ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں آج درجہ حرارت 42 ڈگری تک چھوئے گا، حبس کے باعث گرمی کی شدت کہیں زیادہ محسوس کی جائے گی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان ’وایو‘ کے اثرات بھارتی گجرات تک محدود رہیں گے، کراچی میں آج گرد کے طوفان اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔

تازہ ترین