لاہور،شاہ کوٹ (وقائع نگار خصوصی،خصوصی رپورٹر،جنرل رپورٹر،نیوز رپورٹر،نامہ نگار )سینئر صحافی ،کالم نگار چیئرمین عزم میڈیا گروپ اور سی پی این ای اسلام آباد کے نائب صدر رحمت علی رازی کی نماز جنازہ آج دوپہر ڈیڑ ھ بجے انکی رہائش گاہ 173آر بلاک ماڈل ٹائون کے قریبی پارک میں ادا کی جائیگی۔بعد ازاں تدفین ماڈل ٹائون قبرستان میں ہوگی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ، وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان ،صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب سید صمصام علی بخاری ،صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب،پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیر اعظم چودھری شجاعت حسین، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی ایم این اے،وزیراعلی پنجاب کی میڈیا ٹیم کے ممبر،پی ٹی آ ئی کے بانی رکن ڈاکٹر شاہد صد یق خان نے رحمت علی رازی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ عثمان بزدار نےاپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ رحمت علی رازی کی صحافتی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے کالم نویسی کو منفرد انداز دیا اور صحافت کے شعبہ میں مرحوم کی گراں قدر خدمات کو تا دیر یاد رکھا جائے گا۔دریں اثناء شاہ کوٹ سے نامہ نگار کے مطابق پنجاب اسمبلی کے سابق رکن چوہدری طارق محمود باجوہ،پاکستان یوتھ اسمبلی سنٹرل پنجاب کے جنرل سیکرٹری چوہدری امتیاز احمد کاہلوں،ضلع کونسل ننکانہ کے سابق چیئرمین محمد طاہر ملک،میونسپل کمیٹی کے سابق چیئرمین چوہدری حسن شاہ نواز ملہی،وائس چیئرمین ملک ہدائت علی، چوہدری ذوالفقار علی باجوہ،چوہدری محمد اشفاق وینس،چوہدری نبیل ارشد واہلہ،ملک محمد صدیق،سابق کونسلرز محمد اشرف رحمانی ،محمد عمران بوبک نے رحمت علی رازی کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔