• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت نے جان چھڑانے کیلئے مشرف کا معاملہ سپریم کورٹ کے حوالے کیا، خورشیدشاہ

اسلام آباد(نمائندہ جنگ، ایجنسیاں)پرویز مشرف کو بیرون ملک سفر کی اجازت دینے کےحوالے سے مختلف قومی اور سیاسی رہنمائوں نے اپنے ردعمل میں تعجب کا اظہار کیا ہے۔قومی اسمبلی میں قائدحزب اختلاف خورشیدشاہ نے کہا ہے کہ حالات و واقعات سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ پرویز مشرف کو وطن سے باہر جانے کی اجازت ملنے سے نوازشریف کو کوئی اختلاف نہیں ،حکومت پہلے ہی پرویز مشرف کے معاملے پر دباؤ میں تھی اور اب حکومت نے اس معاملے سے جان چھڑانے کیلئے یہ معاملہ سپریم کورٹ کے حوالے کیا ہے۔اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ لگتا ہے مک مکا ہوگیا ہے۔ممکن ہے پرویز مشرف اب واپس نہ آئیں۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا کچھ قوتیں آئین کے آرٹیکل چھ سے زیادہ طاقتور ہیں اور یہ آرٹیکل ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں اَئین کا حصہ بنا لیکن خود ذوالفقار علی بھٹو اس ارٹیکل کی موجودگی کے باوجود محض طاقت کے جبر کے آگے زندگی ہار گئے۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کے جبر کا سب سے زیادہ شکار خود نوازشریف ہوئے اور اگر وہ خاموش ہیں تو پھر باقی سیاسی جماعتوں نے اس معاملے پر کیا کردار ادا کرنا ہے؟ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کے بیرون ملک جانے پر کوئی اعتراض نہیں لیکن اگر وہ واپس نہ آئے تو پھر ذمےدار عدالت کی ہوگی۔ پرویز مشرف کے بیمار ہونے پرتاثرپیدا ہو گیا تھا کہ وہ میڈیکل گراؤنڈز پر باہر چلے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف نے نواز شریف کی حکومت کو غیر آئینی طور پر ختم کیا لیکن پھر بھی وہ اس معاملے پر خاموش ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اب اس ملک سے مقدس اور غیر مقدس کا فرق ختم ہونا چاہئے اور آئین اور قانون کانفاذ سب پر برابر اور یکساں ہونا چاہئے۔ طاقتور کیلئے ایک قانون اور کمزور کیلئے دوسرا قانون اس مہذب دور میں انتہائی نا انصافی ہے۔سینیٹ میں قائد حزبِ اختلاف بیرسٹر اعتزاز احسن نے عدالت کی جانب سے جنرل پرویز مشرف کو بیرونِ ملک سفر کی اجازت دینے پر حیرت کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جنرل مشرف چند مقدمات میں عدالتوں میں پیش ہی نہیں ہوئے اور وہ انصاف سے دامن چراتے رہے۔ ان پر سنگین الزامات پر ان پر مقدمات قائم ہیں اور ان کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ بھی جاری ہو چکے ہیں۔ وہ غداری کا مقدمہ بھی بھگت رہے ہیں جو ابھی زیر سماعت ہے۔
تازہ ترین