لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نےکہا ہے کہ ہم ملک و قوم کومہنگائی، بیروزگاری، اورآئی ایم ایف کی غلامی سے نجات دلائیں گے۔وزیراعظم سابقہ حکومتوں کے دس سال کے قرضوں کا ضرورحساب کتاب کریں مگر انہوں نے دس ماہ میں جو قرضے لئے اس کا بھی حساب ہوناچاہیے۔ جماعت اسلامی حکومت کی بے حسی اور عوام کی بے بسی پر اب خاموش نہیں رہے گی، ہم اس ظلم و جبر کے خلاف قوم کو منظم کریں گے اور بھر پور تحریک چلائیں گے۔ ہم مہنگائی ، بے روزگاری اور آئی ایم ایف کی غلامی کے خلاف ہر بڑے شہر میںعوامی مارچ کریں گے 23 جون کو فیصل آباد میں عوامی مارچ ہوگا ۔وہ جماعت اسلامی کے زیر اہتمام اتوار کو لاہور میں مال روڈ پر مہنگائی، بیروزگاری ا ور آئی ایم ایف قرضوں کیخلاف عوامی مارچ سے خطاب کررہے تھے، مارچ میں بڑی تعداد میں شہریوں اور جماعت اسلامی کے کارکنان نے شرکت کی۔سینیٹر سراج الحق نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ حکومت نے بجٹ میں اتنی مہنگائی کی ہے کہ عام آدمی کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے۔ ایک طرف عوام غربت اور مہنگائی کے ہاتھوں فاقوں پر مجبور ہیں اور دوسری طرف صدر صاحب کے گھر میں طوطوں کے پنجر ے کیلئے لاکھوں روپے کے ٹینڈر دئیے جارہے ہیں۔ اسلام آباد پر برسراقتدار بے ضمیر حکمرانوں کا بھی احتساب ضروری ہے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ وزیراعظم نے منتخب ہونے کے بعد قوم سے وعدہ کیا تھاکہ وہ کبھی جھوٹ نہیں بولیں گے لیکن اب وہ ہر بات پر یوٹرن لینا ضروری سمجھتے ہیں۔ وزیراعظم نے آئی ایم ایف کے سامنے ہاتھ پھیلانے سے خود کشی کو بہتر قرار دیا تھا مگر اب انہوں نے ملک کا معاشی نظام اور قومی خزانہ آئی ایم ایف کے حوالے کر دیاہے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا سارا بجٹ سودی نظام پر مبنی ہے ۔ 2828 ارب روپے سود کی ادائیگی پر خرچ ہوں گے۔سراج الحق نے کہاکہ ہمارے احتجاج کا مقصد عوامی کی ترجمانی ہے ، ملک و قوم کو مہنگائی اور آئی ایم ایف سے نجات دلانا چاہتے ہیں ،کسی ایسے احتجاج میں نہیں جائیں گے جس کا مقصد لوگوں کی جیلوں سے رہائی ہے۔عوامی مارچ سے امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم ، نائب امیر ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ، عبدالغفار عزیز ، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف بھی موجود تھے۔