مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کا وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان پر تنقید کرتے ہوئے کہنا ہے کہ فردوس امجد باجی آپ کسے بیوقوف بنارہی ہیں کہ یہ عوام کابجٹ ہے، یہ تو آئی ایم ایف کا بجٹ ہے۔
رانا ثناء اللہ نے فردوس عاشق اعوان کے تازہ ترین بیان پر اپنے ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فردوس امجد باجی ہم عوام دشمن آئی ایم ایف بجٹ پاس نہیں ہونےدیں گے، یہ بھی آئینی تقاضہ ہے، حکومت اپنی نالائقی اور عوام دشمن بجٹ ہونے پر پارلیمان میں بحث شروع نہیں ہونے دے رہی۔
انہوں نے کہا کہ فردوس امجد باجی دن میں تین تین بار سرکاری خرچے پر جھوٹ بولتی ہیں، آپ ایک ہی دفعہ صبح صبح جتنا بولنا ہوتا ہے بول لیا کریں، آپ نے عمران صاحب کو بیوقوف بنا کر نوکری لے لی، مگر عوام کو بیوقوف نہیں بنا سکتیں۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ فردوس امجد باجی سرکاری بسوں اور دوائیوں کی کرپشن کو بھولنے نہیں دیا جائے گا، اقتصادی سروے 2018ء -2019ء کے تمام پرچوں میں فیل ہے اس کا جواب دیں، 5 اعشاریہ 8 فیصد پر چلتی معیشت کو آدھا کر دیا گیا، مہنگائی تین گُنا کر دی گئی۔
انہوں نے سوال کیا کہ فردوس امجد باجی 5500 ارب کا 10 ماہ میں نالائق حکومت نے ٹیکس لیا وہ کدھر گیا؟ ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر کدھر گئے؟
رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ فردوس امجد باجی 10 ماہ میں 15 سے 20 لاکھ لوگ بے روزگار ہوئے، اس کا جواب دیں، دس ماہ میں لاکھوں لوگ بے گھر ہو گئے اُس کا بھی جواب دیں۔
رہنما نون لیگ نے یہ بھی کہا کہ فردوس امجد باجی امجد بھائی کو کُرسی کا اثر رسوخ استعمال کر کے ملک آنے کی اجازت دلوائیں۔