• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشرف علاج کے بعد وطن واپس آ کر مقدمات کا سامنا کرینگے،ڈاکٹرامجد

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹرمحمد امجد نے سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی سربراہ جنرل (ر) پرویز مشرف دو ماہ میں علاج کے بعد وطن واپس آ کر مقدمات کا سامنا کریں گے۔ ان کیخلاف تمام مقدمات سیاسی بنیادوں پر قائم کئے گئے ہیں۔ مصطفیٰ کمال کے پیچھے ہمارا ہاتھ نہیں اگر مصطفیٰ کمال گروپ اے پی ایم ایل سے ملتا ہے تو خوش آمدید کہیں گے ، پشاور میں دھماکے کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پارٹی کے مرکزی دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل مہرین ملک آدم، صدر مرکزی پنجاب پیر صفدر رسول اور دیگر پارٹی عہدیداران اور کارکنان بھی موجود تھے۔ پریس کانفرنس کے موقع پر پارٹی عہدیداران اور کارکنوں میں مٹھائی بھی تقسیم کی گئی اور پرویز مشرف کی صحت یابی کیلئے دعا کی گئی۔ ڈاکٹر امجد نےکہا کہ اگر چہ پرویز مشرف کو دل ، ریڑھ کی ہڈی اور بائیں ٹانگ میں تکلیف ہے تاہم خاص طور پرریڑھ کی ہڈی کے علاج کیلئے باہر جانا مقصود ہے۔ یہ سنجیدہ قسم کا مسئلہ ہے اگر بروقت آپریشن نہ کیا گیا تو جسم کا نچلا حصہ مفلوج ہوسکتا ہے۔ پرویز مشرف سب سے پہلے دبئی میں اپنے ذاتی معالج ڈاکٹر امتیاز کو معائنہ کرائیں گے اور ان کے مشورے کے مطابق لندن یا امریکا سے علاج کروانے کا فیصلہ کریں گے۔ علاج پر دوماہ کا عرصہ لگ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسیہ اسحاق اور احمد رضا قصوری پارٹی میں موجود ہیں تاہم وہ پارٹی کے ترجمان نہیں اور نہ ہی ان کے پاس کوئی پارٹی عہدہ ہے۔
تازہ ترین