• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کے بجٹ آج پیش ہونگے

خیبر پختون خوا کا آئندہ مالی سال بجٹ برائے 2019ء-2020ء آج پیش کیا جا رہا ہے، بجٹ کا حجم 900 ارب ہے جبکہ 45 ارب سرپلس بجٹ ہے ۔

خیبر پختون خوا کا آئندہ مالی سال بجٹ برائے 2019ء، 2020ء آج صوبائی وزیر خزانہ کابینہ سے منظوری کے بعد پیش کریں گے۔

خیبر پختون خوا کے آئندہ مالی سال کے بجٹ کا حجم 900 ارب ہے جس میں 45 ارب سرپلس بجٹ ہے، وفاق کی جانب سے 589 ارب صوبے کو 151 ضم شدہ قبائلی علاقوں کے لیے وفاق سے متوقع ہیں۔

بجٹ میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لیے 236 ارب روپے مختص کرنے کی تجویزہے، جس میں جاری اور نئے مجموعی 1356 منصوبوں کے لیے 108 ارب مختص رکھنے کی تجویز ہے۔

سالانہ ترقیاتی پروگرام میں 82 ارب کی غیر ملکی امداد اور قرضہ بھی شامل ہے، بجٹ میں 190 ارب تعلیم کے لیے مختص کرنے کی تجویز ہے۔

بائلی اضلاع کے لیے 162 ارب روپے رکھنے کی تجویزبھی بجٹ میں شامل ہے، صحت کا بجٹ 46 ارب سے بڑھا کر 55 ارب کرنے کی تجویز،پولیس کے لیے 48 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ، 46 ارب روپے مقامی حکومتوں کےلیے رکھنے کی تجویزبھی بجٹ میں شامل ہے۔

گریڈ 1 سے 16 تک کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کی تجویز جبکہ گریڈ 17 سے 19کے ملازمین کی تنخواہوں میں 5 فیصد اضافہ کی تجویز ہے۔

دوسری جانب صوبائی وزراء کی تنخواہوں میں 12 فی صد کمی کی تجویز بھی بجٹ میں شامل ہے ۔

ادھر آزاد جموں کشمیر کا مالی سال20-2019ء کابجٹ آج پیش کیا جائے گا۔

آزاد کشمیر میں پہلی بار 1 کھرب 19 ارب روپے کا بجٹ پیش ہو گا، ترقیاتی بجٹ کے لیے 24 ارب 50 کروڑ کرنےکی تجویز کی گئی ہے۔

آزاد کشمیر کےوزیر خزانہ نجیب نقی قانون ساز اسمبلی میں بجٹ پیش کریں گے۔

بجٹ میں اسمبلی کے لیے 40 کروڑ روپے، اٹھ مقام کیرن بائی پاس روڈ کے لیے 22 کروڑ 78 لاکھ روپے، رٹھوعہ ہریام پل کے لیے 40 کروڑ 72 لاکھ روپے، جاگراں پاور پروجیکٹ کے لیے 50 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز کی گئی ہے۔

بھارتی جارجیت سے متاثرہ ایل او سی متاثرہ علاقوں کے لیے 30 کروڑ روپے رکھے جائیں گے۔

میڈیکل کالج مظفر آباد اور میرپور کے لیے 35، 35 کروڑ روپے، نوسیری لیسوا بائی پاس روڈ کے لیے 17 کروڑ 93 لاکھ روپے رکھے جائیں گے۔

تازہ ترین