اسلام آباد(نیوز ایجنسی) وزیر اعظم عمران خان نے بنگالی نوبل انعام یافتہ ادیب رابندر ناتھ ٹیگور کا قول خلیل جبران کے نام سے ٹوئٹ کردیا۔ مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے وزیراعظم کی جانب سے رابندرناتھ ٹیگور کا قول خلیل جبران کے نام سے بیان کرنے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب،نقل کے لیے بھی عقل کی ضرورت ہوتی ہے، آپ اتنے نالائق ہیں کہ آپ کے پاس نقل کی بھی عقل نہیں ہے۔ قبل ازیں عمران خان نے ٹویٹر پر لکھا کہ خلیل جبران کے ان الفاظ کی دانائی کو سمجھنے والے پرسکون زندگی گزارنے میں کامیاب رہتے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے بدھ کو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک مشہور قول پوسٹ کرکے یہ بتایا تھا کہ ایک مطمئن زندگی کیسے گزاری جاتی ہے۔دراصل وزیراعظم نے رابندر ناتھ ٹیگور کا ایک قول پوسٹ کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ میں جو سوتا ہوں اور جو خواب دیکھتا ہوں یہ سب کچھ زندگی کی خوشیاں اور شادمانی ہے، اور جب میں جاگتا ہوں تو دیکھتا ہوں کہ زندگی دراصل خدمت کا نام ہے۔اور جب میں خدمت کرتا ہوں تو میں دیکھتا ہوں کہ زندگی کی اصل خوشی خدمت ہے۔