راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے مشہور پاکستانی فاسٹ بالر شعیب اختر نےاپنے اور بھارتی اداکارہ سونالی بیندرے سے متعلق خبروں کو جھوٹا قراردے دیا۔
شعیب اختر ریٹائرمنٹ کے بعد سے سوشل میڈیا پر کافی متحرک نظر آتے ہیں اور اپنا ایک باقاعدہ یوٹیوب چینل بھی چلا رہے ہیں۔ انہوں نے ایک ویڈیو پیغام میں اپنے اور سونالی سے متعلق خبروں پر خاموشی توڑتے ہوئے خبروں کو افواہیں اور من گھڑت قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ کئی روز سے بھارتی ویب سائٹس پر دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ 1996 میں ریلیز ہونے والی سونالی بیندرے کی فلم ’ انگلش بابو دیسی میم‘ دیکھنے کے بعد شعیب اختر نے ایک انٹرویو میں سونالی کے لئے کہا تھا کہ ’ مجھے سونالی کی محبت ہے اور میں اپنے بٹوے میں اُ ن کی تصویر بھی رکھتا ہوں، میرے کمرے میں اُن کے پوسٹرز بھی لگے ہوئے ہیں، اگر سونالی نے میرا پروپوزل ٹھکرا دیا تو میں اُنہیں اغوا کر لوں گا۔‘
گزشتہ روز شعیب اختر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو لنک شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ اب خاموشی توڑنے کا وقت آ گیا ہے، اُنہوں نے اپنے اور سونالی سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئےکہا کہ وہ سونالی سے کبھی بھی نہیں ملے اور نہ ہی کبھی اُ ن کے فین رہے ہیں۔
شیبی نے کہا ’میں نے سونالی کی اِکّا دُکّا فلمیں دیکھ رکھیں ہیں اوروہ ایک خوبصورت خاتون ہیں۔ میں کبھی خواتین کے بارے میں کوئی بات نہیں کرتا ، اگر مجھے کوئی کچھ کہہ بھی دے تو جواب نہیں دیتا ‘۔
شعیب اختر نے کہا کہ میرا نام بھارتی اداکارہ’ دیا مرزا‘ کے ساتھ بھی جوڑا گیاتھا کہ میں اُن کے ساتھ شادی کرنے والا ہوں جبکہ مجھے اس بات کا بھی علم خبروں کے ذریعے ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب میں نے سونالی کے بارے میں سنا کہ وہ بیمار ہوئیں اور کینسر جیسے موذی مرض سے لڑیں اور کامیاب ہوئیں، تو میں اُن کا فین بن گیا، وہ بہت دلیر خاتون ہیں ، ہم سبھی کو اُن جیسے باہمت لوگوں کا فین ہونا چاہئے۔
شعیب اختر نے کہا کہمیں آج تک کسی سے متاثر نہیں ہوا کہ کسی کا پوسٹر اپنے کمرے میں لگا لوں، میں نے اپنے کمرے میں بس ایک شخصیت کا پوسٹر لگا یا تھا اور وہ ’ عمران خان ‘ تھے، میں عمران خان کو اپنا آئیڈیل مانتا ہوں۔