سپریم کورٹ کے جسٹس گلزار احمد نے کہا ہے کہ سندھ پوری طرح کرپشن میں ڈوبا ہوا ہے،بجٹ کا ایک پیسہ بھی صوبے پر خرچ نہیں ہوا۔
سپریم کورٹ میں سکھر اراضی کیس کی سماعت کے دوران جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیتےہوئے کہا کہ لاڑکانہ میں ایچ آئی وی نے برا حال کردیا ہے، کوئی پوچھنے والا نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب ایچ آئی وی اتنا بڑھے گا کہ پورا لاڑکانہ اس کی لپیٹ میں آجائے گا۔
جسٹس گلزار احمد نے میئر سکھر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ بھی جاگ جائیں،گرم شہر میں کثیر المنزلہ عمارتیں بنادی گئیں، لیکن سہولتیں نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو پانی میسر نہیں،رات کو بجلی کے بغیر سوتے ہیں،بنیادی ضروریات سے محروم لوگ تشدد پسندی کی طرف مائل ہو رہے ہیں۔