بے نظیر بھٹو کی چھیاسٹھ ویں سالگرہ آج منائی جارہی ہے، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اپنی والدہ کی سالگرہ پر حکومت مخالف اور عوامی رابطہ مہم کا آغاز نوابشاہ میں جلسے سے کریں گے۔
اکیس جون کو بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کے موقع پر پیپلز پارٹی نوابشاہ میں سکرنڈ روڈ زیرو پوائنٹ پر جلسہ کررہی ہے، جلسے سے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور پیپلزپارٹی کے دیگر رہنما خطاب کریں گے۔
جلسے کے لئے زیرو پوائنٹ پر بیس ایکڑ رقبے پر مشتمل پنڈال سجادیا گیا ہے، جہاں دو سو فٹ لمبا، سو فٹ چوڑا اور پچاس فٹ اونچا اسٹیج بنایا گیا ہے، جس پر دو سو افراد کے بیٹھنے کا انتظام کیا گیا ہے جبکہ جگہ جگہ پارٹی بینرز بھی آوایزاں کردیئے گئے ہیں۔
سابق وزیر اعظم شہید بے نظیر بھٹو کی چھیاسٹھ ویں سالگرہ پر کراچی میں تقریب ہوئی، جہاں بلاول ہاؤس چورنگی پر پی پی رہنماؤں کی جانب سے بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔
اس موقعے پر وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ صورتحال میں بے نظیر کی سوچ اور نظریے کی ضرورت ہے، بلاول بھٹو بی بی کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔