پشاور(نامہ نگار) کے پی فوڈ اتھارٹی نے پشاور کے علاقے کوہاٹ روڈ اور مرچ منڈی میں کارروائیاں کرتے ہوئے شوارمہ بریڈ اور مصالحہ فیکٹریوں کو سیل کردیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل کے پی فوڈ اتھارٹی ریاض خان محسود نے یہاں سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ ملاوٹیوں کیلئے صوبے میں کوئی جگہ نہیں مصالحوں میں ملاوٹ کرنے والے اپنا قبلہ درست کرلیں کیوں کہ عوام کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تجارت کی آڑ میں دو نمبری کرنے والوں کے گرد گھیرہ تنگ کردیا گیاہے۔ دریں اثناء اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر مراد علی نے کوہاٹ روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے شوارمہ بریڈ فیکٹری کو حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر سیل کردیا گیاہے جبکہ ملزم کو موقع پر ہی پولیس کے حوالے کردیا گیاہے۔ دوسری جانب اسسٹنٹ ڈائریکٹر اسد علی نے مرچ منڈی میں کارروائی کرتے ہوئے مصالحہ میں ٹوٹا چاول استعمال کرنے والے تاجر کوگرفتار کرلیا ہے جبکہ فیکٹری کو سیل کرکے مشینری بھی ضبط کرلی گئی اور ایک ہزار کلوگرام غیر معیاری مصالحے بھی قبضے میں لے لئے گئے ہیں۔