• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان، افغانستان اپنی سرزمین ایک دوسرے کیخلاف استعمال نہ ہونے دیں،شاہ محمود، افغان امن کانفرنس شروع،طالبان کی عدم شرکت

 اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک ،ایجنسیاں )وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پر امن اور خوشحال افغانستان خطے کے مفاد میں ہے،بھوربن میں افغان امن عمل کے لیے لاہور پراسیس کے نام سے کانفرنس کا آغاز، افغان سیاسی رہنمائوں کی شرکت ، طالبان کی عدم شرکت ، افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان اپنی سرزمین ایک دوسرے کیخلاف استعمال نہ ہونے دے،سابق افغان وزیر اعظم گلبدین حکمت یار نے کہا ہے کہ افغان جنگ کا سب سے زیادہ نقصان پا کستان کو پہنچا ،انہو ں نے کہا کہ عراق، یمن، ایران اور افغانستان میں بدامنی کا ماحول ہے، یہ جنگ افغانستان کی جنگ نہیں بلکہ پاکستان کے بقا کی جنگ بھی ہے،پاکستان اور افغانستان مل دونوں افغان جنگ کا خاتمہ کرسکتے ہیں، ایک غیر سرکاری تنظیم لاہور سنٹر فار پیس اینڈ ریسرچ (ایل سی پی آر)کی طرف سے منعقدہ کانفرنس میں افغانستان کی تمام بڑی سیاسی جماعتوں کے قائدین شریک ہیں۔لاہورپراسس نامی اپنی نوعیت کی پہلی کانفرنس میں افغانستان کی 18 سیاسی جماعتوں اور گروپس کے45 مندوبین شریک ہوئے ۔سابق افغان وزیراعظم و حزب اسلامی کے سربراہ گلبدین حکمت یاراورسیکرٹری جنرل جماعت اسلامی افغانستان و سابق گورنر استاد عطا محمد نور بھی کانفرنس میں شریک ہوئے ۔تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان کی تعمیر و ترقی کی حمایت کرتا ہے، پائیدار امن کیلئے پاک افغانستان مقاصد مشترک ہیں۔ شاہ محمود نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں قیام امن کے لیے اپنا کردار ادا کررہاہے ، پرامن اور خوشحال افغانستان خطے کے مفاد میں ہے، افغان بحران کی وجہ سے پاکستان زیادہ متاثر ہوا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کئی دہائیوں سے لاکھوں افغان مہاجرین کی کفالت اور دیکھ بھال کررہاہے ۔ دوسری طرف شمالی اتحاد کے رہنما احمد شاہ مسعود مرحوم کے بھائی احمد ولی مسعود نے کہا کہ آج پاکستان اور افغانستان کے مابین ایک نیا باب شروع ہو رہا ہے، آج ہمیں تعلقات کا نیا اور بہترین آغاز کرنا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان اپنی سرزمین ایک دوسرے کے خلاف استعمال نہ ہونے دیں، الزام تراشی کسی کے مفاد میں نہیں ، دونوں ملکوں کے مشترکہ مفادات کو دشمنوں نے نقصان پہنچایا ۔ انہوں نے کہا کہ پاک، افغان تعلقات پر کسی کو عدم اعتماد پیدا کرنے، پروپیگنڈہ یا منفی تاثر پیدا نہیں کرنے دیں گے۔

تازہ ترین