جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ن لیگ، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی ایک جیسی ہیں،ہماری جماعت ان کا ساتھ نہیں دے گی۔
فیصل آباد میں عوامی مارچ سے خطاب میں سراج الحق نے کہا کہ جس میثاق کی بات ہورہی ہے،اس کا ساتھ نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت بدترین اور ناکام ترین حکومت ہے، دس ماہ میں گذشتہ دونوں حکومتوں سے زیادہ قرضہ لیا گیا۔
سراج الحق نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے پانچ لاکھ سے زائد نوجوانوں کو بیروزگار کیا۔
واضح رہے کہ جماعت اسلامی نے 26جون کو بلائی جانے والی اے پی سی میں شمولیت سے انکار کر دیا ہے۔
جماعت اسلامی کے جنرل سیکرٹری امیرالعظیم کا کہنا تھا کہ ماضی کی حکمران جماعتیں بھی ملک کے موجودہ بحرانوں کی ذمہ دار ہیں۔