لندن (ودود مشتاق) پیپلز پارٹی کی شہید چیئر پرسن محترمہ بےنظیر بھٹو کی 66ویں سالگرہ منائی گئی اس حوالے پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی رہنما بیگم شمیم بھٹو کی رہائش گاہ پر سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور بےنظیر بھٹو کی روح کے ایصالِ ثواب کےلیے دعائیں کی گئیں۔ سالگرہ کی اس تقریب میں شہید بےنظیر بھٹو کی بہن صنم بھٹو نے خاص طور پر شرکت کی اور اپنی بہن کی یادوں کو شیئر کیا۔ اس موقع رقت آمیز مناظر بھی دیکھنے میں آئے جب صنم بھٹو سالگرہ کا کیک کاٹتے ہوئے آبدیدہ ہو گئیں اور کچھ دیر کےلیے ماضی کی یادوں میں کھو گئیں۔ انہوں نے شریک خواتین سے کہا کہ وہ سیاست اور میڈیا سے اس لیے دور رہتی ہیں کہ کہیں انہیں بھی کسی جانی نقصان کا سامنا نہ کرنا پڑ جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے والد شہید ذولفقار علی بھٹو اور محترمہ بےنظیر بھٹو کی شہادت کے بعد وہ سمجھتی ہیں کہ سیاست سے دور رہنا ہی ان کی زندگیوں کو محفوظ رکھ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے خاندان کی شہادتوں کے بعد اضطراب میں مبتلا ہیں اور وہ نہیں چاہتی کہ مزید کسی کو کوئی ناگہانی موت کا سامنا کرنا پڑ جائے۔ تقریب کے دوران صنم بھٹو مسلسل آبدیدہ رہیں اور زیادہ دیر تک خاموشی اختیار کئے رکھی۔ اس موقع بیگم شمیم بھٹو اور دیگر شریک خواتین کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جمہوریت کے استحکام اور عوام کے شعور کی بیداری میں پیپلز پارٹی کی قیادت کا اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو جیسی نوجوان قیادت ہی اس ملک کو بحرانوں سے نکال سکتی ہے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ جب بھی شفاف انتخابات ہوئے پیپلز پارٹی اور جمہوری قوتیں ہی کامیاب ہوں گی۔