پی پی جاپان کے زیر اہتمام سابق وزیراعظم پاکستان شہید بینظیر بھٹو کی 66ویں سالگرہ پر پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں پی پی جاپان کے جیالوں اور کمیونٹی ممبران نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ٹوکیو سے ملحقہ علاقے یاشیو سٹی کے میسیناہال میں ہونے والی تقریب میں پی پی جاپان کے سابق صدر نعیم آرائیں سابق جنرل سیکریٹری شاہد مجید سینئر رہنماؤں محمد انیس، یوسف علی، محمد مودی، عثمان علی و آواز اسلام کے چیئرمین غنی یوسف زئی، اسلامک سینٹر تجویدالقرآن جاپان کے چیئرمین قاری علی حسن نے مل کر کیک کاٹا۔
اس موقع پر زور دار نعرے بھی لگائے گئے اور پی پی جاپان کے رہنماؤں نے عہد کیا کہ بی بی شہید کی قربانی کو ہمیشہ زندہ رکھا جائے گا اور بےنظیر نے جس مشن کا بیڑہ اٹھایا تھا، اس میں چیئرمین پی پی بلاول بھٹو کا بھرپور ساتھ دیا جائے گا۔
اس موقع پر پی پی کے سینئر رہنماؤں نعیم غنی اور شاہد مجید نے سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کی گرفتاری کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ نیازی سرکار نے احتساب کے نام پر انتقام کا سلسلہ شروع کررکھا ہے اور حکومت عوامی مسائل کو الجھا کر عوام کو بجٹ سے دور رکھنا چاہتی ہے۔
مقررین نے کہا کہ اب بلاول بھٹو ہی استحکام پاکستان کی ضمانت ہیں، نیازی حکومت کو عوام نے مسترد کردیا ہے اور اب بلاول بھٹو ہی ملک کی امید ہیں۔