کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان نیشنل پارٹی کی سینٹر ل کمیٹی کے رکن میر غلام نبی مری نے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ اور نواحی علاقوں میں 6 سے 14 گھنٹوں کی طویل لوڈ شیڈنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ متعدد بار کیسکو حکام کو آگاہ کیا ہے تاحال اس کا سدباب نہیں کیا گیا ،بی این پی پارلیمنٹ سمیت ہر فورم پر آواز بلند کرنے کے علاوہ احتجاج کا راستہ اختیار کرے گی جس کی تمام ذمہ داری کیسکو حکام پر عائد ہو گی یہ بات انہوں نے پارٹی ورکروں اور مختلف علاقوں کے وفود سے گفتگو کے دوران کہی انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں توانائی کے بحران بارشوں کی کمی زیر زمین پانی کی گرتی ہوئی سطح ڈیمز کے نا ہونے کی وجہ سے بلوچستان میں زراعت اور لائیو سٹاک کا شعبہ بری طرح متاثر ہوا ہے لوگ نان شبینہ کے محتاج ہو چکے ہیں گزشتہ کئی سال سے خشک اور قحط سالی کے اثرات تاحال موجود ہیں خشک سالی کے باعث لوگوں نے اپنے باغات کاٹ دیئے اور موسم گرما کی شدت میں اضافے کے بعد کیسکو حکام کی جانب سے کوئٹہ اور ملحقہ علاقوں میں 6سے 14 گھنٹوں کی طویل لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے جس کی وجہ سے لوگ پینے کے پانی اور مساجد میں نمازی وضو کیلئے پانی سے محروم ہیں ہم نے متعدد بار کیسکو حکام کو بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ اور مختلف علاقوں میں وولٹیج میں کمی بیشی سے آگا ہ کیا ہے تاحال کیسکو حکام کی جانب سے طویل لوڈ شیڈنگ کے سد باب کو یقینی بنا کر عوام کو مشکلات سے نجات دلانے کیلئے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے گئے جس کی وجہ سے شہریوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے بی این پی پارلیمنٹ سمیت ہر فورم پر اس مسئلے کے حل کیلئے آواز بلند کرے گی اور عوام کے حقوق کے حصول کیلئے احتجاج کا راستہ بھی اختیار کرینگے ۔