• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی فلم انڈسٹری کے کنگ شاہ رخ خان نے بالی ووڈ سے دوری اختیار کرلی ہے جس کی وجہ انہوں نے بتائی کہ وہ اب اپنا سارا وقت اپنی فیملی کے ساتھ گزارنا چاہتے ہیں۔


بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق اداکار شاہ رخ خان نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ابھی تک انہیں کسی فلم کی پیشکش نہیں ہوئی ہے اور نہ ہی وہ کسی فلم میں کام کررہےہیں۔ انہوں نے کہا کہ عام طور پر ایسا ہوتا ہے کہ جب آپ کی کسی فلم کی شوٹنگ مکمل ہونے کے قریب ہوتی ہے تو آپ دوسرے پروجیکٹ پر کام شروع کر دیتے ہیں۔

 کنگ خان نے اپنی آخری ریلیز ہونے والی فلم زیرو کی شوٹنگ مکمل ہونے کے بعد اب تک کوئی بھی فلم سائن نہیں کی ، اس کی وجہ بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ابھی اپنی ساری توجہ اور وقت صرف اپنی فیملی کو دینا چاہتے ہیں۔

اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ ’مجھے لگتا ہے ابھی مجھے صرف فلمیں دیکھنا، کہانیاں سننا اور کتابیں پڑھنی چاہیئں۔ میرے بچے بھی پڑھائی پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں اور میں چاہتا ہوں کہ اُن کے ساتھ زیادہ سے زیادہ وقت گزاروں۔‘

بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان نےمزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے فلموں سے وقفہ صرف اپنے لیے نہیں لیا بلکہ وہ اپنی فیملی کو بھی وقت دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ وہ کب تک فلمی دنیا سے دور رہیں گے۔

تاہم یہ کہا جارہا ہے کہ وہ بڑی اسکرین سے زیادہ دور نہیں رہ سکتے اور بہت جلد وہ پھر کسی اور فلم کا حصہ بن جائیں گے۔

واضح رہے کہ شاہ رخ خان کی اب تک کی آخری فلم زیرو ہے جس میں انہوں نے اداکارہ کترینہ کیف اور انوشکا شرما کے ساتھ اداکاری کے جوہر دکھائے تھےلیکن بدقسمتی سے فلم کی کاسٹ بہترین ہونے کے باوجود بھی فلم باکس آفس پر اچھا بزنس کرنے میں ناکام رہی۔

تازہ ترین