• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں بڑی معاشی تبدیلیاں واقع ہورہی ہیں،برطانیہ فائدہ اٹھائے، نفیس زکریا

لندن (سعید نیازی) برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر نفیس زکریا نے گزشتہ روز بکنگھم پیلس جا کر ملکہ برطانیہ کو سفارتی اسناد پیش کیں، وہ ہائی کمیشن سے بکنگھم پیلس سے آئی خصوصی بگھی میں اپنی اہلیہ کے ہمراہ روانہ ہوئے جبکہ دوسری بگھی میں پاکستان ہائی کمیشن کے اعلیٰ افسران سوار تھے۔ بعدازاں پاکستان ہائی کمیشن میں استقبالیہ منعقد ہوا جس میں مختلف ممالک کے سفیروں کے علاوہ اراکین پارلیمنٹ و لارڈز سمیت کمیونٹی رہنمائوں کی بڑی تعداد بھی شریک ہوئی۔ اس موقع پر ہائی کمشنر نفیس زکریا نے کہا کہ ملکہ برطانیہ سے ملاقات کا تجربہ بڑا خوشگوار رہا۔ ملکہ کو آج 1961ء اور 1997ء میں کئے گئے پاکستان کے دوروں کی باتیں یاد ہیں اور میں نے جب انہیں انکے دوروں کی تصاویر پر مشتمل البم پیش کی تو وہ بے حد خوش ہوئیں، ملکہ کو چونکہ پاکستانی آم بہت پسند ہیں۔ اس لئے انہیں پاکستانی آموں کے خصوصی تحفے کے علاوہ دست کاری کے نمونے بھی پیش کئے۔ ہائی کمشنر نفیس زکریا نے کہا کہ برطانیہ میں بطور ہائی کمشنر ان کی ترجیحات میں دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنا ہے اور اس حوالے سے متعدد مواقع بھی دستیاب ہیں، جن سے فائدہ اٹھانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں تقریباً 15لاکھ پاکستانی آباد ہیں جوکہ ایک بہت بڑی قوت ہیں اور وہ پاکستان کو ایک معاشی قوت بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں معاشی منصوبوں کے حوالے سے بڑی تبدیلیاں واقع ہو رہی ہیں، ہمارے چونکہ برطانیہ کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں، اس لئے ہماری خواہش ہے کہ برطانیہ بھی ان مواقعوں سے فائدہ اٹھائے۔ مارشل آف دی ڈپلومیٹک کور ایلسی ہیرسن نے کہا کہ سفارتی اسناد اہتمام کے ساتھ پیش کرنا ایک خوبصورت روایت ہے۔ برطانیہ میں 1.5 ملین پاکستانی آباد ہیں، جن کے مقامی کمیونٹی کے ساتھ تعلقات انتہائی خوشگوار ہیں۔ تقریب میں شریک رکن پارلیمنٹ خالد محمود نے کہا کہ نفیس زکریا پہلے بھی ہائی کمیشن میں خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ اس وقت بھی انہوں نے بہت اچھا کام کیا تھا اور امید ہے کہ بطور ہائی کمشنر وہ اور بھی اچھا کام کرینگے۔ رکن پارلیمنٹ محمد یٰسین نے کہا کہ ہم ہائی کمشنر نفیس زکریا کو برطانیہ میں خوش آمدید کہتے ہیں، نفیس زکریا کمیونٹی میں انتہائی مقبول ہیں۔ تقریب میں شریک رگبی سے آئے سابق میئر کونسلر جیمز شیرا (ستارہ پاکستان) نے کہا کہ پاکستان کی حکومت نے نفیس زکریا کی شکل میں ایک انتہائی صحیح پاکستانی کو ہائی کمشنر تعینات کیا ہے، جو کشمیر کاز کیلئے بھی انتہائی سرگرم ہیں۔ ہائی کمشنر کے ہمراہ بکنگھم پیلس جانے والوں میں ہائی کمیشن کے افسران میں ہیڈ آف چانسری آصف خان، فرسٹ سیکرٹری پریس منیر احمد، ڈیفنس اینڈ نیول ایڈوائزر کموڈور جمال عالم اور ہائی کمیشن کے سینئر آفیسر غلام نبی میمن بھی شامل تھے۔

تازہ ترین