کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے مارننگ شو ’’جیو پاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید احمدنے کہا ہے کہ وزارت کمزوری ہے نہ وزیر اعظم سے کہہ کر مانگی ہے،پاکستانی نژاد بزنس میں رانا عابد نےکہاکہ پاکستان سے نوجوانوں کو جاپان میں نوکریوں کے لئے لےکر جائیں گے ۔وزیرریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ آٹھ ہزار نئے ملازمین بھرتی کررہے ہیں جن میں کوئی ریٹائرملازم شامل نہیں ہے ۔اس وقت ریلوے میں ملازمین کی بہت ضرورت ہے ۔ٹی ایل اے کے تمام ملازمین کو مستقل کریں گے ۔ریلوے کے مزدور اور افسران میرا بھرپور ساتھ دے رہے ہیں ۔جلد ادارے کو خسارے سے نکالیں گے ۔ریلوے میں 34ٹرینیں چل رہی ہیں ۔ریلوے کی تاریخ میں پہلی بار ہوگا کہ حادثے کے ذمے داران کو سزائیں ملیں گی ۔سات آٹھ بار وزیر رہاہوں وزارت ہرگزمیری کمزوری نہیں ہے زندگی کے صرف 3خواب ہیں نالالئی پراجیکٹ ،ایم ایل ون اور ماں بچہ اسپتال ۔تین خواب پورے ہوگئے تو سیاست سے ریٹائر ہوجاوٴں گا ۔ پروگرام میں پاکستانی نژاد بزنس میں رانا عابد نے بتا یا کہ جاپان میں ٹیکنا لوجی کابول بالا ہے اسی لئے اوائل دور میں ہی وہاں جانے کا فیصلہ کیا ۔میں پاکستان سے محبت کرتا ہوں یہی میرا وطن اور اصل گھر ہے ۔ پاکستان سے نئی نسل کوجاپان میں نوکریوں کیلئے لے کرجائیں گے ۔جاپان میں ترقی کے وسیع مواقع موجود ہیں وہاں تقریباً ساڑھے تین کروڑ 90سال سے زائد عمرکے افراد بستے ہیں۔جاپان نے اپنے کلچر اور زبان کو زیادہ اہمیت دی ہے ۔حکومت بی این پی مینگل کو منانے میں کامیاب ہوگئی اس حوالے سے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے ڈائیریکٹر جیو نیوز رانا جوادنے کہاکہ اختر مینگل کی سیاست بلوچستان کے گرد گھومتی ہے ۔بلوچستان میں مسائل کے حل کیلئے پارلیمانی کمیشن بنادیا گیا ہے جو اصلاحات کیلئے تجاویز دیگا ۔