اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں )نیب نے سابق صدر آصف علی زرداری کو پارک لین کیس میں بھی گرفتار کر لیا۔ دوسری طرف احتساب عدالت اسلام آباد نے رینٹل پاور پراجیکٹ ریفرنس میں راجہ پرویز اشرف اور دیگر ملزمان پر فردجرم عائد کردی۔ ادھر توشہ خانہ کیس میں سابق صدر آصف زرداری کے ساتھ ساتھ سابق وزیراعظم نواز شریف کو بھی شریک ملزم نامزد کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق صدر آصف علی زرداری کو پارک لین کیس میں بھی گرفتار کر لیا۔ دوسری طرف احتساب عدالت اسلام آباد نے رینٹل پاور پراجیکٹ ریفرنس میں راجہ پرویز اشرف اور دیگر ملزمان پر فردجرم عائد کردی۔ نیب ذرائع کے مطابق پہلے سے زیر حراست سابق صدر آصف علی زرداری کو نیب راولپنڈی کے افسران نے وارنٹ گرفتاری حوالے کیا۔ آصف زرداری پر پارک لین کمپنی اور اس کے ذریعے اسلام آباد میں 2 ہزار 460 کنال اراضی خریدنے کا الزام ہے جب کہ اس کیس میں بلاول بھٹو زردای بھی ملزم ہیں۔نیب ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں خریدی گئی تقریباً ڈھائی ہزار کنال زمین کی اصل مالیت دو ارب روپے ہے لیکن اسے صرف 62 کروڑ روپے میں خریدا گیا۔