• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بڑی فلموں کو ٹھکرانے والے چند پاکستانی اداکار

پاکستان فلم انڈسٹری کی تاریخ اور کئی دہائیوں پر پھیلے سفر کا جائزہ لیا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ یہ سفر کامیابیوں ،ناکامیوں اور عروج و زوال کا ایک مجموعہ رہا ہے۔


پاکستانی فلمی صنعت گزشتہ تین دہائیوں سے جس زوال کا شکار رہی ہے اس کے خاتمے کا آغاز 2013 میں شعیب منصور کی فلم ’بول‘ سے ہوا تھا۔ خوش آئند پہلو یہ ہے کہ اس صنعت میں مسلسل تین عشروں تک اُتار کے بعد چڑھاؤ کا تسلسل آج تک جاری ہے اور فلم انڈسٹری کے حالات میں مزید بہتری کی اُمید کی جارہی ہے۔

کسی بھی بڑی فلم میں کام کرنے سے انکار کرنا اداکار کے لیے کافی مشکل ہوتا ہے لیکن بہت سی وجوہات کے باعث اُنہیں یہ ہمت کرنی پڑتی ہے ۔ ذیل میں ایسے ہی اداکاروں کا ذکر ہے جنہوں نےایسے کردارو ں کو ٹھکرایا جسے کر کے وہ شہرت کی منزلوں تک پہنچ سکتے تھے ۔

علی ظفر:

2007میں ریلیز ہونے والی سپر ہٹ فلم ’خدا کے لئے ‘ میں جو کردار فواد خان نے کیا تھا وہ پہلے علی ظفر کو آفر کیا گیا تھا لیکن انہوں نے ذاتی مصروفیات کے باعث فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا تھا ۔

فلم’خدا کے لئے‘ کی کہانی پاکستان جیسےدیگر ممالک میں زیر بحث جہاد، موسیقی، مغربی لباس اور زبردستی کی شادی جیسے موضوعات کے گرد گھومتی ہے۔ فلم میں لوگوں نے غیر معمولی دلچسپی کا اظہار کیا تھا۔

علی ظفر کی فلمیں تیرے بن لادن اور میرے برادر کی دلہن بالی وڈ کی میگا ہٹس میں شامل ہیں، اس کے علاوہ وہ لندن پیرس نیو یارک، چشم بددور اور ٹوٹل سیاپا میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں اُن کی پاکستانی فلم ’طیفا ان ٹربل‘ کا شمار بین الاقوامی باکس آفس کی کامیاب ترین فلموں میں ہوتا ہے۔

زارا نور عباس:

حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم’ چھلاوہ‘سے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز کرنے والی خوبرو اداکارہ زارا نور عباس بھی کئی پاکستانی فلموں کو ٹھکرا چکی ہیں ۔

انہوں نے فلم ’طیفا ان ٹربل‘ اور ’لیجنڈ آف مولا جٹ ‘ میں کام کرنے سے انکار کیا تھا۔ زارا نور نےفلم طیفا ان ٹربل میں اداکاری کے لئے اسکرین ٹیسٹ میں حصہ بھی لیا تاہم اُن کی والدہ اداکارہ عاصمہ علی عباس اُن دنوں کینسر جیسے موذی مرض سے جنگ لڑ رہی تھیں جس کے باعث زارا نے اپنے کیریئر کو ترجیح دینے کے بجائے اپنی والدہ کو ترجیح دی ۔

زارا نور عباس نے فلم’ لیجنڈ آف مولا جٹ‘ میں کام کرنے کی پیشکش کو اس لئے ٹھکرا دیا کہ وہ سمجھتی تھیں کہ اُس کردار کے لئے ہمیمہ ملک اور ماہرہ خان جیسی اداکارائیں زیادہ موزوں ہیں۔

یاد رہے زارا نور عباس کو فلم’چھلاوہ‘ میں بہترین اداکاری کرنے پرساتھی اداکاراؤں نے بےحد سراہا تھا ۔ ان کی دوسری فلم’ پرے ہٹ لو‘ عید الاضحیٰ کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔

میرا :

فلم ’نامعلوم افراد‘ میں آئٹم سانگ ’بلی‘ کے لئے سب سے پہلے فلم اسٹار میرا کو منتخب کیا گیا تھا۔ انہوں نے اپنی جلد کی بیماری کا کہہ کر اس پیشکش کو ٹھکرا دیا ۔بعد ازاں آئٹم نمبر ’بلی‘ اداکارہ مہوش حیات پر فلمایا گیا ۔

یاد رہےمیرا کو اپنی نئی آنے والی فلم ’باجی‘ میں بھی اپنی جلد کی بیماری کے باعث بہت دشواری کا سامنا رہا ۔

حمزہ علی عباسی :

میزبان و اداکار حمزہ علی عباسی اپنی متاثر کُن اداکاری سے ٹی وی اور فلم میں کامیاب پروجیکٹس کر چکے ہیں۔’جوانی پھر نہیں آنی 2‘ میں ان کو کچھ سینزسے اختلاف تھا جس کے وجہ سے انہوں نے فلم میں کام نہیں کیا تھا اور ان کا کردار فہد مصطفیٰ نے ادا کیا ۔

جوانی پھر نہیں آنی 1 کی کاسٹ میں حمزہ علی عباسی بھی شامل تھے ۔

سائرہ شہروز:

فلم جوانی پھر نہیں آنی 2 میں فہد مصطفیٰ کے ساتھ اداکارہ ماورہ کے کردار کے لئے اداکارہ سائرہ شہروز کومنتخب کیا گیا تھا لیکن انہوں نےاسےکرنے سے یہ کہہ کر انکار کر دیا تھا کہ یہ کردار جاندار نہیں ۔انہوں نےیہ بات بھی واضح کی کہ ’جوانی پھر نہیں آنی‘ کی فرنچائز خواتین پر تنقید کو فروغ دیتی ہے،ایک عورت اور اداکارہ ہونے کے ناطے سے یہ میرے لئے ناقابلِ قبول ہے ۔

ایمان علی:

مختلف فلموں میں مشکل کردار کرنے والی ایمان علی کو فلم ’پنجاب نہیں جاؤنگی‘ کے مرکزی کردار کے لئے کہا گیا تھا جسے انہوں نے منع کردیا اور اُن کی جگہ مہوش حیات نے ہمایوں سعید کے ساتھ یہ کردار ادا کیا ۔فلم پنجاب نہیں جاؤنگی کے پروڈیوسر اور خود ایمان علی نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ انہوں نے کچھ ضروری مصروفیات کے باعث اس فلم کو کرنے سے انکار کیا تھا۔

یاد رہے ایمان علی فلم بول، ماہ ِ میر اور خدا کے لئے میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔

ریشم :

عید الاضحیٰ پر ریلیز ہونے والی فلم ’کاف کنگنا ‘کے مرکزی کردار کے لئے فلم اسٹار ریشم کو منتخب کیا گیا تھا لیکن انہوں نے دوسرے پروجیکٹس میں مصروف ہونے کی وجہ سے اس فلم سے انکار کیا ۔ انہیں اس فلم میں سمیع خان کی ہیروئن کے کردار کی پیشکش کی گئی تھی ۔

عثمان خالد بٹ:

فلم’ پرواز ہے جنون‘ میں اداکار احد رضا میر کے کردار کےلئے عثمان خالد بٹ کوچُنا گیا تھا لیکن وہ اُس وقت فلم’ بالو ماہی‘ کی پروموشن میں مصروف تھے جس کی وجہ سے فلم کی شوٹنگ میں حصہ نہیں لے سکے اور ان کی جگہ احد رضا میر کو کاسٹ کر لیا گیا۔

تازہ ترین