• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف آج بھی لیگی رہنماؤں و کارکنوں سے نہ مل سکے

سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف سے پارٹی رہنماؤں اور لیگی کارکنوں کو آج تیسرے ہفتے بھی کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کی اجازت نہ مل سکی۔

شہباز شریف، مریم نواز، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اور بہن سمیت شریف خاندان کے صرف 5 ارکان نے آج 2 گھنٹے جیل میں میاں نواز شریف سے ملاقات کی۔

مسلم لیگ نون کے دیگر رہنماؤں اور کارکنوں کو کوٹ لکھپت جیل میں سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی اجازت نہ ملی۔

اس صورت حال پر پارٹی قائدین اور کارکنوں نے جیل کے باہر بھرپور احتجاج کیااور پولیس سے ہاتھا پائی بھی کی، اس دوران ایک نون لیگی کارکن کے کپڑے بھی پھٹ گئے۔

نون لیگی رہنما سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، خواجہ آصف، پرویز رشید، احسن اقبال اور دیگر میاں نواز شریف سے آج بھی بغیر ملے ہی اپنے گھروں کو واپس لوٹ گئے۔

کوٹ لکھپت جیل کے باہر مسلم لیگ نون کے کارکنوں نے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نوازکی گاڑی پر پھول برسائے اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئےتھے۔

تازہ ترین