• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سجنا سنورنا انسان کی فطرت میں ہے۔ مرد ہو یا عورت ، ہر کوئی اپنے آپ کو وقت دیتا ہے اور چاہتا ہے کہ وہ دوسروں میں نمایاں ہو۔ سجنے سنورنے اور گرومنگ کیلئے مخصوص جگہ بھی درکار ہوتی ہے۔ عموماً ہمارے گھروں میں ڈریسنگ ٹیبل اور کپڑوں کی الماری بیڈ روم کا حصہ ہوتی ہے۔ بیڈ کی سائیڈ پر یا سامنے ایک قد آور آئینہ لگا ہوتاہے ، جس کے سامنے بیٹھ کر خاتون خانہ تیار ہوتی ہیں۔ لیکن اگر آپ کا گھر کشادہ ہے تو آ پ ڈریسنگ روم بنواسکتے ہیں اور اس کو اپنے گھر اور ذوق کے مطابق ڈیزائن کرسکتے ہیں۔ اگر دو تین فیملیز ساتھ رہتی ہوں تو دوران تعمیرسہولت کے پیش نظر مشترکہ ڈریسنگ روم کی تعمیر پر زور دیں۔ اس کے برعکس گھر کے تمام افراد کے لیے بیڈروم سے منسلک یا الگ ڈریسنگ روم کا بھی انتخاب کیا جاسکتا ہے۔اگر آپ بیڈروم سے منسلک ڈریسنگ روم کی تعمیر کا خیال رکھتے ہیں تو اس کے لیے بڑی جگہ درکار ہوگی، بصورت دیگر بیڈ روم میں باتھ روم اور ڈریسنگ روم اچھی خاصی جگہ گھیرلیں گے اور آپ کی خواب گاہ تنگ محسوس ہوگی۔اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے بیڈروم اور ڈریسنگ روم کا خیال ذہن میں رکھتے ہوئے جگہ تقسیم کریں۔ اس سلسلے میں ہم آپ کی کچھ رہنمائی کرسکتے ہیں۔

اضافی کمرہ

اگر آپ کے گھر میں کوئی اضافی کمرہ موجود ہے تو آپ اس کو ڈریسنگ روم کے طور پر استعمال کر سکتے ہیں۔ آپ اس میں اپنے مزاج کے مطابق الماری بنوائیں، ایک قد آور آئینہ اور لائٹس لگوائیں۔ ہرحصے کو الگ رکھیں اورسائیڈ پر مزید سامان رکھنے کے لیے شیلف بھی بنوائیں۔

سلائیڈنگ دروازے

الماری کی اسٹوریج بڑھانے کیلئے سلائیڈنگ دروازے عمدگی سے کام کرتے ہیں۔ الماری کے دروازے سلائیڈنگ ہونے سے یہ ایک کمرے کا گمان دیتی ہے۔ کمرے میں جو بھی رنگ ہو لیکن الماری پر آپ سرخ یا عنابی رنگ کریں گے تو بہترین نتائج آپ کے سامنے ہوں گے۔

نفیس و باذوق

خوبصورتی نفاست میں چھپی ہوتی ہے۔ اگر آپ نفاست پسند ہیں تو ایک خوبصورت ڈریسنگ روم تیار کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ اس کیلئے کمرے میں لکڑی کے بجائے آپ شفاف شیشے کا استعمال کر سکتے ہیں۔ کمرے کے درمیان ایک خوبصورت روشنی کا گلوب لگا سکتے ہیں، جو کمرے میں روشنی بکھیرنے کے ساتھ ساتھ اسٹائلش بھی لگے گا۔ الماری میں الگ الگ خانے بنے ہوں تو چیزوں کی ترتیب میں آسانی ہوتی ہے۔ آپ مزید اسٹوریج کے لیے الماری کے نیچے درازیں بھی بنوا سکتے ہیں، جس میں جیولری یا جوتے وغیرہ رکھے جاسکتے ہیں۔ یہ ان لوگوں کے لیے بہترین ہے، جو ہر چیز کو ترتیب سے رکھتے ہیں۔

بڑی الماری

اگر آپ بھی ان چند خوش قسمت لوگوں میں سے ہیں جن کے پاس ایک کشادہ کمرہ ہے تو لکڑی سے ایک بڑی الماری بنوائی جا سکتی ہے۔ اس میں اوپر اور نیچے خانے بنائے جاسکتے ہیں جبکہ کمرے میں روشنی کے لیے ایک بڑی سی لائٹ لگائی جا سکتی ہے، جو کہ کمرے کو روشن رکھتی ہے۔

عارضی سیٹ اپ

کمرے کے اندر ایک عارضی سیٹ اپ بھی لگایا جاسکتا ہے۔ یہ ڈیزائن مرصع اور سادہ بھی ہوسکتاہے ، اسٹائلش اور پریکٹیکل بھی۔ اس میں ایک ہینگنگ اسپیس اور جوتوں کے لیے شیلف بنائی جاسکتی ہے۔ آپ جب چاہیں اس میں تیار ہو سکتے ہیں۔

زینے کے نیچے

سیڑھیوں کے نیچے ہر گھر میں عموماً جگہ خالی ہوتی ہے، اس کو آپ بہترین طور پر استعمال کر سکتے ہیں۔ نیچے آپ درازیں بنا سکتے ہیں اور ان درازوں کی سائیڈ پر ہینگنگ اسپیس تیار کرسکتے ہیں۔ یوں آپ کا بہترین ڈریسنگ روم تیار ہوجائے تو آپ اس میں اضافی روشنیاں لگا سکتے ہیں، جس سے یہ وسیع لگے گا۔

کھلی جگہیں

کھلی جگہ کی اپنی ایک الگ کشش ہوتی ہے۔ آپ اس میں جو چاہیں کرسکتے ہیں، جیسے ہینگنگ اسپیس لگا سکتے ہیں یا ڈریسنگ ٹیبل کے دلکش اسٹائل کا انتخاب کرسکتے ہیں ۔

شو ریکس

اگر آپ کو بدل بدل کر جوتے پہننے کا شوق ہے اور آپ کے پاس لاتعداد جوتے ہیں توشو ریکس کے بھی خوبصورت ڈیزائنز مارکیٹ میں دستیاب ہیں یا پھر آپ اپنے ذوق کے مطابق انھیں ڈیزائن کرسکتے ہیں۔ یہ شوریکس اگر لکڑی کے ہوں تو زیادہ دلکش محسوس ہوں گے۔ 

تازہ ترین