اقوام متحدہ کے ادارے انروا نے کہا ہے کہ غزہ میں اقوام متحدہ کو امداد فراہم کرنے دیا جائے۔
عرب میڈیا کے مطابق پناہ گزینوں کے حوالے سے کام کرنے والے اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے انروا نے کہا ہے کہ غذہ کے حصول کے لیے شہید اور زخمی ہونے والے فلسطینوں کے حوالے سے تحقیقات ہونی چاہیے۔
انروا کی جانب سے مزید کہا گیا کہ غزہ ہیومینیٹیرین فاؤنڈیشن کے متحرک ہونے سے قبل اقوام متحدہ کی جانب سے پورے غزہ کی پٹی میں امداد تقسیم کرنے کے لیے 400 سے زائد پوائنٹس چلائے جارہے تھے، جبکہ اب غزہ ہیومینیٹیرین فاؤنڈیشن صرف 4 میگا سائٹس کے ساتھ کام کر رہی ہے جن میں ایک وسط میں، اور 3 جنوب میں موجود ہیں جبکہ شمال میں کوئی سائٹ موجود نہیں۔
انروا کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کی جانے والی پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ امداد کی تقسیم، سب کی پہنچ میں احترام اور حفاظت کے ساتھ ہونی چاہیے۔
دوسری جانب آج صبح سے اسرائیلی حملوں میں 73 فلسطینی شہید کیے جا چکے ہیں، جن میں 33 فلسطینی امداد لینے کے غرض سے غزہ ہیومینیٹیرین فاؤنڈیشن کی امدادی سینٹرز کے قریب اسرائیلی قابض افواج کی بلااشتعال فائرنگ کا نشانہ بنے۔
غزہ میڈیا آفس کے مطابق پچھلے 48 گھنٹوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 300 بتائی جارہی ہے۔