وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ نواز شریف واحد پاکستانی قید ی ہیں،جن کی ڈیوٹی پر 21 کارڈیالوجسٹ ہیں۔
مریم صفدر کے بیان پر ردعمل میں شہباز گل نے کہا کہ ہم نے بورڈ بنایا ہے، جس میں نواز شریف کے کھانے کے لیے ماہرین شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جاتی امرا سے نواز شریف کے لیے مضر صحت کھانا آرہا تھا، حکومت نے صحت افزا غذا فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
شہباز گل کا کہنا تھا کہ نواز شریف عدالت سے سزا یافتہ قیدی ہیں، ان کے ساتھ جیل مینوئل کے مطابق سلوک ہوگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان نے مزید کہا کہ جیل مینوئل کے مطابق نواز شریف کو گھر سے کھانا منگوانے کی اجازت نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مریم صفدر شوق سے عدالت جائیں، خلاف قانون کچھ نہیں ہوسکتا،حکومت بھوک ہڑتالوں اور دھرنوں کی دھمکیوں سے نہیں ڈرتی۔
شہباز گل نے یہ بھی کہا کہ کیلبری کوئین کا ویڈیو ڈرامہ فلاپ ہوا تو وہ نیا ڈرامہ رچانا چاہتی ہیں۔