• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایم او یو پر دستخط کے باوجود اسحاق ڈار کی حوالگی ناممکن

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) معروف وکلا نے خیال ظاہر کیا ہے کہ اگرچہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف پاکستان میں مقدمہ چلانے کیلئے ان کی حوالگی کیلئے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ایم او یو پر دستخط ہوچکے ہیں لیکن وزیر خارجہ جیرمی ہنٹ کے مخالفانہ بیان اور حکومت پاکستان کی جانب سے اس ایم او یو کو سیاسی رنگ دیئے جانے کے بعد اگر یہ معاملہ برطانوی ججوں کے سامنے گیا تو اسحاق ڈار کی حوالگی تقریباً ناممکن ہوگی۔ اس نمائندے سے باتیں کرتے ہوئے حوالگی سے متعلق مقدمات کے ماہر مختلف معروف وکلا نے کہا کہ اگر حوالگی کا عمل ابھی سے شروع کردیا جائے تو بھی اسحاق ڈار کو اگلے چند برسوں کے دوران پاکستان کے حوالے نہیں کیا جاسکتا۔ بیرسٹر فارس بلوچ نے بتایا کہ اگر حوالگی کی درخواست ہوم آفس کی جانب سے وارنٹ گرفتاری کے ساتھ بھی دی جائے تو بھی اسحاق ڈار ایم او یو کو منصفانہ مقدمہ چلانے، اپنے تحفظ اور پاکستانی جیل خانوں کی صورت حال میں ناکافی ضمانت قرار دے کر اس کے خلاف اپیل کرسکتے ہیں، اپیل کا یہ عمل برسہا برس چل سکتا ہے اور آخر میں یورپ کی حقوق انسانی کی عدالت میں جا کر ختم ہوگا۔ پاکستان میں اب بھی سزائے موت کا قانون موجود ہے اور جیل خانوں کی حالت بھی ناگفتہ بہ، جس کی وجہ سے برطانیہ شاید ہی حوالگی کی درخواست کی منظوری دے گا۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں حقوق انسانی کی عمومی صورت حال کے بارے میں موجود تشویش ایک بڑا مسئلہ ہے۔

تازہ ترین