پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے احتساب عدالت میں طلبی کے معاملے پر عوام سے مشورہ مانگ لیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں مریم نواز نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’آپ سے مشورہ چاہتی ہوں کہ مجھے ایک ثابت شدہ انتقام کے سامنے پیش ہونے کا بائیکاٹ کرنا چاہئے یا پیش ہو کرنیب عدالت میں کھڑے ہو کر دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کر دینا چاہئے؟ بلانا ہے تو اپنے رسک پر بلانا! میری باتیں سن سکو گے نہ سہہ سکو گے! یہ نا ہو کہ پھر سر پیٹتے رہ جاؤ۔
مریم نواز کا مزید کہنا ہے کہ میری پریس کانفرنس میں تمام سازشیں بے نقاب ہونے کے بعد گھبراہٹ میں حکومت نے میرے خلاف ایک اور مقدمہ قائم کردیا، میں عوام سے پوچھتی ہوں کہ میرے سوالات کے جواب ملنے کی بجائے کیا مجھے اس نیب میں پیش ہونا چاہئے جو آڈیو/ویڈیو کے ذریعے یرغمال ہو؟
واضح رہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں جعلی ٹرسٹ ڈیڈ کے معاملے پر احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کو طلب کر لیا ہے۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے مریم نواز کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 19 جولائی کو عدالت میں طلب کیا ہے۔