راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے) کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) ثاقب ظفر نے کہا ہے کہ باوثوق اور مصدقہ اعداد و شمار کے بغیر منصوبہ بندی ناممکن ہے۔ ملک کے تمام حصوں میں یکساں ترقی اور بہتری نہ ہونے کی ایک اہم وجہ صحیح اعداد و شمار کی فراہمی نہ ہونا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر مہرعلی شاہ زرعی بارانی یونیورسٹی راولپنڈی میں ادارہ شماریات ، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کی طرف سے ملٹی پل انڈیکیٹرز سروے رپورٹ کے اجراءکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ڈپٹی کمشنر چوہدری محمد علی رنداھاوا نے کہا کہ مسائل کی تشخیص کے بغیران کا حل ممکن نہیں اور مصدقہ اعداد و شمار ہی وہ واحد ذریعہ ہیں جو ہمیں مسائل کی بنیادوں کو سمجھنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔