• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شمعون عباسی نے فلم ’وار‘ کیلئے پریانکا کی فلم ٹھکرادی

نامور پاکستانی اداکار شمعون عباسی کا انکشاف کرتے ہوئے کہنا ہے کہ انہوں نے پاکستانی فلم ’وار‘ میں کام کرنے کو ترجیح دی جبکہ بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا کے ساتھ فلم میں کام کرنے کی آفر کو ٹھکرادیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار شمعون عباسی نے ایک انٹرویو میں اس بات کا انکشاف کیا کہ انہیں بالی ووڈ آئیکون پریانکا چوپڑا کے ساتھ فلم میں کام کرنے کی آفر ہوئی تھی لیکن انہوں نے انکار کردیا کیونکہ وہ اُس وقت پاکستانی فلم ’وار‘ کی شوٹنگ میں مصروف تھے۔

شمعون عباسی نے مزید بات کرتے ہوئے بتایا کہ فلم ’رانگ نمبر 2‘ کے پروڈیوسر حسن ضیاء نے انہیں ایک دن فون کیا اور کہا کہ وہ دہلی میں بھارتی فلم ڈائیریکٹر وشال بھردواج کے ساتھ موجود ہیں، اور وہ انہیں پریانکا کے مقابل فلم میں کاسٹ کرنا چاہتے ہیں، جس پر شمعون نے انہیں کہا کہ وہ فلم ’وار‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔

حسن ضیاء نے انہیں کہا کہ ’آپ جو کچھ بھی کررہے ہیں چھوڑ دیں اور فوراً دہلی پہنچیں، میں آپ کو ٹکٹ بھیج رہا ہوں۔ ‘

انہوں نے وشال بھردواج کو کہا کہ میں ایک اُصول پسند انسان ہوں، ایک فلم سائن کرکے اُسے چھوڑ نہیں سکتا، اگر آپ فلم کی تاریخ آگے کرسکتے ہیں تو میں کام کرسکتا ہوں ورنہ نہیں۔ جواب میں انہوں نے کہا کہ آپ پریانکا کو انتظار کرنے کے لیے کہہ رہے ہیں؟ شمعون نےکہا ’جی‘ تو انہوں نے کہا ’نہیں۔‘ لہذا انہوں نے بالی ووڈ فلم میں کام کرنے کی آفر کو ٹھکرا دیا۔

اداکار نے فلم کا نام نہیں بتایا لیکن وشال بھردواج کے ساتھ پریانکا نے دو فلمیں ’کمینے‘ اور ’سات خون معاف‘ کی ہے۔ شمعون نے مزید کہا کہ اُن کا فلم وار کرنے کا فیصلہ بالکل درست تھا کیونکہ اس فلم میں اُن کی اداکاری کو بے حد سراہا گیا ہے۔

تازہ ترین