گوجرانوالہ......قومی اسمبلی کی نشست این اے 101 گوجرانوالہ اور سندھ اسمبلی کی نشست پی ایس 23 نوشہروفیروز پر آج ضمنی انتخاب ہورہا ہے۔ تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
گوجرانوالہ کے حلقہ این اے 101 کے ضمنی انتخاب میں ن لیگ کے جسٹس ریٹائرڈ افتخار چیمہ، تحریک انصاف کے احمد ناصر چٹھہ، پیپلز پارٹی کے اعجاز چیمہ،پاکستان عوامی تحریک کے اسجد حسین سمیت 15 آزاد امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔
حلقے کے 3 لاکھ 86 ہزار رجسٹرڈ ووٹرز کے لیے 262 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں ۔ 51 پولنگ اسٹیشن حساس اور 11 انتہائی حساس قرار دیے گئے ہیں ۔ تمام پولنگ اسٹیشنوں کے اندر اور باہر پاک فوج کے اہلکار تعینات ہوں گے۔
عام انتخابات 2013 میں مسلم لیگ ن کے افتخار چیمہ نے اس نشست سے کامیابی حاصل کی تھی۔ سپریم کورٹ نے اثاثے چھپانے کے جرم میں الیکشن کالعدم قرار دے کر اس حلقے میں دوبارہ انتخاب کرانے کا حکم دیا تھا۔
سندھ اسمبلی کی نشست پی ایس 23 کے ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی کےضیاء الحسن لنجار، آزاد امیدواراکبر سموں ،ذوالفقار بہھن اور ریاض کورائی حصہ لے رہے ہیں۔ حلقے کے ایک لاکھ 25ہزار 857 ووٹرز کے لیے 106 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔ 35 حساس اور 21 انتہائی حساس قرار دیے گئے ہیں۔
امن و امان کیلیے پولیس کےساتھ رینجرز اہل کاروں کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔2013 کے عام انتخابات میں غلام مصطفیٰ جتوئی کے صاحبزادے مسرور خان جتوئی نیشنل پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر کامیاب ہوئے تھے۔ تاہم دھاندلی کا الزام ثابت ہونے پر سپریم کورٹ نے اس حلقے میں دوبارہ الیکشن کا حکم دیا تھا۔ضمنی انتخاب کا جتوئی خاندان نے بائیکاٹ کردیا ہے۔