• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں ٹی وی اینکر مرید عباس سمیت دو افراد کے قتل کے ملزم عاطف زمان نے اپنے جرائم کا اعتراف کرلیا۔

پولیس کو دیے گئے بیان میں ملزم عاطف زمان نے اعتراف کیا کہ اس کا کوئی کاروبار نہیں تھا، ایک سے پیسا لے کر دوسرے کو دیتا رہا، لوگ بھاری منافع کے لالچ میں پیسا دیتے چلے گئے، پانچ لاکھ روپے سے شروع ہونے والا "دھندا " چالیس سے پچاس کروڑ روپے تک پہنچ گیا، لوگوں نے سرمایہ لگانا چھوڑا تو پھنس گیا۔

 اعترافی بیان میں ملزم نے تسلیم کیا کہ بھانڈا پھوٹنے کے بعد اس نے سرمایہ کاری کرنے والے پانچ افراد کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔

عاطف زمان نے اپنے بیان میں پولیس کو بتا یا کہ اُس نے جعل سازی کا سیٹ اپ پانچ لاکھ روپے سے شروع کیا اور گھر بیٹھے بھاری منافع کا لالچ دے کر کروڑوں روپے کی ہیرا پھیری کی۔

ملزم عاطف کے مطابق نیا سرمایا  آنا بند ہوا تو اُس کیلئے سرمایہ کاروں کو منافع کے نام پر دی جانے والی رقم کی فراہمی ممکن نہ رہی لہذٰا اس نے انہیں ایک ایک کرکے قتل کرنے کا منصوبہ بنایا، ابتدائی طور پر مرید عباس، خضر اور عمر ریحان سمیت پانچ انویسٹرز کو مارنے کا منصوبہ تھا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ عاطف زمان نے دہرے قتل کی واردات اپنے بھائی عدنان زمان کے ساتھ مل کر کی جو بالاکوٹ فرار ہوگیا ہے ملزم  کی گرفتاری کیلئے پولیس کی ٹیم روانہ کردی گئی ہے۔

تازہ ترین