• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگ پل اور سڑکیں بناتی رہی اصل کام ریلوے ٹریک تھا،شیخ رشید

کراچی(ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ “میں گفتگو کرتے ہوئے وزیرریلوے شیخ رشید نے کہاہے کہ ن لیگ پل اور سڑکیں بناتی رہی جبکہ اصل کام ریلوے ٹریک تھا، عمران خان مجھ سے ناراض نہیں ہیں، میری خواہش ہے کہ عمران خان کامیاب ہو، ماہر قانون سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ جج ارشد ملک کی ویڈیو سے صرفِ نظر نہیں کیا جاسکتا ہے، ایسے الزام کی تحقیقات اور تسلی بخش جواب آنا ضروری ہے، نمائندہ خصوصی جیو نیوز عبدالقیوم صدیقی نے کہا کہ پنجاب فارنزک لیبارٹری میں جج ارشد ملک کی ویڈیو کا آڈٹ کیا جاچکا ہے، اس فارنزک رپورٹ کے بعد ہی حکومت کے موقف میں تبدیلی آئی ہے،رانا ثناء اللہ کی اہلیہ نبیلہ ثناء نے کہا کہ کوئی ثبوت دکھائیں تو رانا صاحب سے پوچھ سکتی ہوں کہ آپ نے ایسا کیوں کیا۔وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ ٹرین حادثوں میں بڑا حادثہ جمعرات کو ہوا ہے جس میں 16افراد جاں بحق ہوئے ہیں، پچھلے مہینے ہونے والے حادثے میں تین افراد ہلاک ہوئے تھے، اس وقت 136پسنجر اور 55فریٹ ٹرینیں روزانہ چل رہی ہیں، ہمارے 1300مین پھاٹک پر لوگ کھڑے ہیں جبکہ 1500پھاٹکوں پر کوئی شخص نہیں ہے،لوگ ٹرین آتے ہوئے دیکھتے ہیں پھر بھی پھاٹک کراس کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ شیخ رشید نے بتایا کہ 2014-15ء میں 89ٹرین حادثے ہوئے، 2015-16ء میں 76حادثے ہوئے، 2016-17ء میں 78اور 2017-18ء میں 67حادثات ہوئے، میرے دور میں ٹوٹل 70حادثات ہوئے جس میں صرف تین بڑے حادثے ہیں اس میں زیادہ تر پھاٹک کراس کرنے والوں کے ہیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ پچھلے دس سال ریلوے کے انفرااسٹرکچر پر کام نہیں کیا گیا، ایم ایل ون پلاننگ کمیشن کے پاس جمع کروادیا ہے، ایم ایل ون کا اٹھارہ سو کلومیٹر کا نیا ٹریک بنانا بہت ضروری ہے، زیادہ تر ٹرین حادثے سندھ میں ہوتے ہیں کیونکہ وہاں حکومت نے کوئی کام نہیں کیا ہے، ہم نے ریلوے میں سات لاکھ مسافر بڑھائے اور دس ارب روپے زیادہ کمائے ہیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان مجھ سے ناراض نہیں ہیں، میری خواہش ہے کہ عمران خان کامیاب ہو،ن لیگ پل اور سڑکیں بناتی رہی جبکہ اصل کام ریلوے ٹریک تھا، ہم پورے ملک میں ٹریک ٹھیک کریں گے ، سب سے پہلے نوابشاہ تا کوٹری نئی ریلوے لائن بچھائیں گے، میں نے ریلوے ٹھیک کرنے کیلئے دو سال کا وعدہ کیا ہے، پیسہ نہ ہونے کے باوجود ریلوے کا خسارہ کم کریں گے، ہم جو کمارہے ہیں وہ ریلوے پر ہی لگارہے ہیں، ریلوے میں 35ارب روپے کی پنشن اور 31ارب روپے کی تنخواہ ہے۔ شیخ رشید کا کہنا تھاکہ ماضی میں ایک ہی کمپنی کو ٹینڈر دیئے جاتے رہے، ہم نے ٹینڈر اوپن کیا ہے تیس چالیس پارٹیاں ٹینڈر میں حصہ لیں گی، پچھلے دور میں ریلوے سے متعلق کئی کیسز نیب اور عدالتوں میں ہیں، ایم ایل ون پراجیکٹ کیلئے چائنیز کو پاکستان لایا ہوں، چین اور روس سے تعاون کی بات چل رہی ہے۔ماہر قانون سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ جج ارشد ملک کی ویڈیو کے معاملہ میں تین صورتیں ہیں، ہائیکورٹ ماتحت عدالتوں سے متعلق اختیارات رکھتی ہیں اور اگر کسی معاملہ میں تحقیقات کی ضرورت ہو تو وہ ہائیکورٹس کرتی ہیں، اسلام آباد کی احتساب عدالتوں کے حوالے سے تحقیقات کا اختیار اسلام آباد ہائیکورٹ کا اختیار ہونا چاہئے، عدلیہ کے اندر کوئی معاملہ اٹھا ہے تو اس کی تحقیقات انتظامیہ کا نہیں عدلیہ کا اختیار ہے، چیف جسٹس پاکستان آصف سعید کھوسہ قاعدے کے مطابق چلتے ہیں، چیف جسٹس عام طور پر یہی چاہتے ہیں کہ کسی ادارے یا کسی عدالت کو جو اختیار حاصل ہو وہیں حل کیا جائے اور سپریم کورٹ میں نہ آئے، ممکنہ طور پر سپریم کورٹ خود بھی جج کی ویڈیو کا معاملہ دیکھ سکتی ہے لیکن ایسا ہوتا نظر نہیں آرہا ، جس عدالت میں العزیزیہ کیس کی اپیل دائر ہے وہاں بھی ان شواہد کی بناء ٹرائل کو کالعدم قرار دینے کی درخواست دی جاسکتی ہے،جج ارشد ملک کی ویڈیو سے صرفِ نظر نہیں کیا جاسکتا ہے، ایسے الزام کی تحقیقات اور تسلی بخش جواب آنا ضروری ہے۔رانا ثناء اللہ کی اہلیہ نبیلہ ثناء نے کہا کہ اقوام متحدہ کو خط لکھنے سے پہلے چیف جسٹس سے نوٹس لینے کی اپیل کی تھی، رانا ثناء اللہ کو نیند کی گولیاں دی جارہی ہیں، رانا ثناء اللہ سے ملنے گئی تو ان کی طبیعت ٹھیک تھی، رانا ثناء اللہ نے جو کچھ بتایا اس کے بعد عدالتوں پر اعتماد نہیں کرسکتی کیونکہ ان کی زندگی مجھے زیادہ عزیز ہے، مجھے اداروں پر کوئی یقین نہیں ہے اس صورتحال میں اقوام متحدہ کو خط لکھنے کے علاوہ کیا کرسکتی تھی۔ نبیلہ ثناء کا کہنا تھا کہ رانا ثناء اللہ نے مجھے بتایا کہ انہیں اچانک گاڑی روک کر گرفتار کیا گیا، وہ کہتے ہیں اگر انہیں چند منٹ بھی ملتے تو میڈیا کو وہاں بلالیتے۔ نبیلہ ثناء نے کہا کہ میں نے موٹروے پولیس سے کہا کہ ویڈیو دیدیں انہوں نے کہا نہیں دے سکتے، پیٹرول پمپ سے بھی ریکارڈنگ مانگی انہوں نے کہا کیمرے خراب ہیں، کوئی ثبوت دکھائیں تو رانا صاحب سے پوچھ سکتی ہوں کہ آپ نے ایسا کیوں کیا۔نمائندہ خصوصی جیو نیوز عبدالقیوم صدیقی نے کہا کہ اہم ذرائع کے مطابق پہلی ویڈیو آنے کے بعد جج ارشد ملک اور قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق کے درمیان پہلی ویڈیو سے متعلق بات ہوئی، جسٹس عامر فاروق نے یہ تمام معلومات لے کر چیف جسٹس آف پاکستان آصف سعید کھوسہ سے ملاقات کی، جمعرات کو جج ارشد ملک سے دوسری ویڈیوز سے متعلق پوچھا گیا، جج ارشد ملک نے ان ملاقاتوں کی تفصیلات بتادی ہیں کہ ان کی دبئی میں تین ملاقاتیں اس نوعیت کی ہوئی ہیں جس میں کچھ اہم عدالتی شخصیات کے ناموں کے حوالے سے بھی ذکر کیا گیا ہے۔ عبدالقیوم صدیقی نے بتایا کہ پنجاب فارنزک لیبارٹری میں جج ارشد ملک کی ویڈیو کا آڈٹ کیا جاچکا ہے۔
تازہ ترین