• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’شاہ رخ خان اپنی آواز کا انداز تبدیل کریں‘

پاکستان فلم انڈسٹری کے معروف اداکار شان شاہد نے بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی آواز کا انداز تبدیل کریں۔


پاکستان فلم انڈسٹری کے معروف اداکار شان آج کل سوشل میڈیا پر کافی فعال دکھائی دیتے ہیں،حالیہ عرصے میں اپنے سا تھی اداکاروں کو مختلف نصیحتیں اور مشورے بھی دے چکے ہیں۔ انہوں نے ہانیہ عامر اور عاصم اظہر کو اپنے رشتے کے احترام کا درس دیا تھا تاہم اب بالی ووڈ کے کنگ خان کو تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرشان نے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی جانب سے معروف ہالی ووڈ فلم ’دی لائن کنگ ‘کو ہندی زبان میں ڈب کرنے پرناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اتنی خوبصورت اور مقبول ترین فلم کو ہندی میں ڈب کر کے اس کو تباہ نہ کریں ۔

انہوں نےمزید لکھا کہ اس پرومو میں شاہ رخ خان کی آواز بالکل ویسی ہی ہے جیسی ان کی دوسری فلموں میں ہوتی ہے، کم از کم شاہ رخ خان کو ’’دی لائن کنگ‘‘ کے لیے اپنی آواز کا انداز تبدیل کرنا چاہئے تھا ۔

انہوں نے اپنے ایک اور ٹوئٹ میں لکھا کہ اداکاروں کو سمجھنا چاہئے کہ اس فلم کے پیچھے کتنی محنت ہے ؟ اور وہ اپنی عارضی آواز سے اس کی اصل کہانی کومزاحیہ بنا رہے ہیں ، فلم کےڈائریکٹر اور مصنف بھی اس آواز پر ہنس رہے ہوں گے ۔

واضح رہے شاہ رخ فلم’دی لائن کنگ ‘کے لئے بہت پرجوش دکھائی دے رہے ہیں۔سوشل میڈ یا پر انہوں نے تشہیری مہم کا آغاز بھی کر دیا ہے۔

گزشتہ روزشاہ رخ خان نے ٹوئٹر پر فلم ’دی لائن کنگ ‘ کا پرومو جاری کیا تھا جس میں فلم کے مشہور کردار سمبا کو دکھایا گیا ہے جس کے پس پردہ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی آواز ہے۔

شان کی تنقید کا جواز تو یہیں دم توڑ جاتا ہے کہ پرومو میں شاہ رخ خان کی آواز ہے ہی نہیں بلکہ جو پرومو جاری کیا گیا ہے اس میں سمبا کو متعارف کرایا گیا ہے جس کے لیےشاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان نے اپنی آوازدی ہے۔

تازہ ترین