• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی آئی اے کا شیڈول درہم برہم، ایئرپورٹس پر مسافروں کا احتجاج

کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی فضائی کمپنی پی آئی اے ، پورا شیڈول درہم برہم ہوگیا ،متاثر ہونے والے مسافروں کالاہور اور اسلام آباد کے ایئرپورٹس پر شدید احتجاج ،شیڈول متاثر ہونے کی وجہ دو طیاروں کے تیکنیکی طور پر گراو نڈ ہونے اور دو طیاروں کے حج شیڈول میں مصروف ہونا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کو پہلا جھٹکا اس وقت لگا جب اس کی اسلام آباد بیجنگ ٹوکیو پرواز کا جنریٹر گزشتہ روز بیجنگ ائرپورٹ پر خراب ہوگیا ۔ پی آئی اے نے جنریٹر کی مرمت تو بروقت کروالی مگر بیجنگ ائرپورٹ پر رات میں پرواز کرنے کی اجازت نہ ہونے کے باعث پی آئی اے کو بیجنگ میں صبح ہونے تک انتظار کرنا پڑا اور یہ پرواز پاکستانی وقت کے مطابق سنیچر کی شب 11 بجے روانہ ہوئی ۔ اسی بوئنگ 777 طیارے کو اسلام آباد پہنچنے کے بعد کراچی کے لیے روانہ ہونا تھا ۔ بوئنگ 777 طیارے کی عدم دستیابی کی وجہ سے اسلام آباد کراچی پرواز تاخیر کا شکار ہوئی ۔پی آئی اے انتظامیہ نے اسلام آباد کراچی پرواز کے لیے ائربس 320 کا انتظام کیا مگر اس میں گنجائش کم ہونے کی بناءپر ایک سو مسافروں کو آف لوڈ کرنا پڑا جنہوں نے اسلام آباد ائرپورٹ پر شدید احتجاج کیا ۔ پی آئی اے کی بدقسمتی سے معاملات اس وقت مزید بگڑ گئے جب مانچسٹر سے لاہور آنے والی پرواز PK710 سے دوران لینڈنگ پرندہ ٹکراگیا اور اس طیارے کو لاہور ائرپورٹ پر گراو نڈ کرنا پڑا ۔ پی آئی اے نے لاہور اسلام آباد کے مسافروں کے لیے جدہ لاہور پرواز کا روٹ تبدیل کرکے جدہ ، اسلام آباد لاہور کردیا ۔ جدہ سے آنے والے مسافروں کو اس تبدیلی سے آگاہ کردیا گیا تھا مگر انہوں نے اسلام آباد ائرپورٹ پر اس تبدیلی پر ہنگامہ آرائی کی ۔

تازہ ترین