اسپین کے مشہور شہر بارسلونا میں یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر مظلوم کشمیریوں کی حمایت میں ایک پرامن ریلی نکالی گئی اور ایک ملین دستخطی مہم کے لیے کیمپ لگایا گیا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے اس بڑی ریلی کی قیادت کی، جس کا اہتمام اسپین میں مقیم کشمیری رہنما راجہ مختار سونی کی تنظیم ندائے کشمیرنے کیا۔
ریلی کے دوران کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید، بیلجئیم سے سینئرکشمیری رہنما سردار صدیق، وزیر صحت آزاد کشمیر ڈاکٹر نجیب نقی، ڈی جی کشمیر لبریشن سیل فدا حسین کیانی، سیکرٹری سیل منصور قادر ڈار، سماجی شخصیت امتیاز عاکیا، فرانس سے کشمیری رہنما نعیم چوہدری، اسپین کی سماجی شخصیت حافظ عبدالرزاق کے علاوہ بڑی تعداد میں مقامی کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کے اراکین موجود تھے۔
شرکا نے تین کلومیٹر تک مارچ کیا اور بھارتی مظالم کے خلاف نعرے لگا کرمقبوضہ کشمیرکے مظلوم عوام کی حمایت کا اعلان کیا۔ بارسلونا میں کشمیر کے حوالے سے یہ اپنی نوعیت کی پہلی ریلی تھی، جس میں کثیر تعداد میں کمیونٹی کے لوگوں نے شرکت کی، جن میں بچے اور خواتین بھی شامل تھے۔
ریلی سے قبل کشمیرکونسل ای یو کے زیراہتمام کشمیریوں کی حمایت میں جاری ایک ملین دستخطی مہم کے سلسلے میں بارسلونا کے مرکزی علاقے میں ایک کیمپ لگایا گیا،بڑی تعداد میں لوگوں نے دستخظ کرکے کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
یورپ میں کشمیرکونسل ای یوکی طرف سے مظلوم کشمیریوں کی حمایت میں ایک ملین دستخطی مہم ایک عرصے سے جاری ہے۔
چند سال قبل بیلجئیم سے شروع ہونے والی مہم میں ابتک یورپ کے متعدد ممالک میں لوگوں سے کشمیریوں کی حمایت میں دستخط لئے جاچکے ہیں۔
اس مہم کو یورپی ممالک میں متعدد مقامی این جی اوز اور سماجی کارکنوں کی حمایت بھی حاصل ہے۔
بارسلونا میں دستخطی مہم کے دوران منتظم چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید کو مقامی باشندوں اور سماجی کارکنوں اور دیگر شخصیات کی معاونت حاصل تھی۔
چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضاسید نے بارسلونا میں دستخطی مہم کے کیمپ کے اختتام پر بتایا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر کی اس دستخطی مہم اور ریلی میں شرکت بہت اہمیت کی حامل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج کی مہم کے دوران لوگوں کا ردعمل بہت ہی حوصلہ افزا تھا،بہت سے لوگوں نے کشمیر کے بارے میں کافی دلچسپی ظاہر کی۔
علی رضا سید نے کہا کہ یہ مہم اس وقت تک جاری رہے گی جب تک ایک ملین دستخط مکمل نہیں ہو جاتے۔
انھوں نے بتایا کہ اس سے قبل یورپ میں جہاں جہاں بھی کیمپ لگائے گئے، لوگوں نے کافی دلچسپی ظاہرکی اور ہمیں بہت پذیرائی ملی۔
درایں اثناء کشمیرکونسل ای یو کے زیر اہتمام یوم شہدائے کشمیر کے حوالے سے بیلجئیم کے دارالحکومت برسلز میں کشمیر کونسل ای یو کے سینئر رہنما چوہدری خالد محمود جوشی کی صدارت میں ایک تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب کے دوران مقررین نے بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں مقبوضہ وادی میں بے گناہ لوگوں کا ماورائے عدالت قتل عام، نوجوانوں اور سیاسی رہنماؤں کی بلاوجہ گرفتاریاں اور بے جا گھرگھر تلاشی جیسے بہیمانہ اقدامات جاری ہیں۔
انھوں نے عالمی برادری خصوصاً اقوام متحدہ اور یورپی یونین سے درخواست کی کہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکوائیں اور مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق پرامن طور پر حل کروائیں۔