راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے) ڈپٹی کمشنر راولپنڈی چوہدری محمد علی رندھاوا نے کہا ہے کہ محکمہ موسمیات کی طرف سے بارشوں کی پیش گوئی کے پیش نظر راولپنڈی میں غیر معمولی بارش کے نتیجے میں نشیبی علاقوں کے زیر آپ آنے اور نالہ لئی میں طغیانی کے خطر ے کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کے افسران اور متعلقہ محکمے اور ادارے الرٹ ہیں اور کسی بھی ناگہانی صورت حال میں فوری کاروائی کیلئے متعلقہ افسران اور عملے کو خصوصی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ یہ بات انہوں نے نالہ لئی اور ملحقہ نشیبی علاقوں کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کی۔ڈپٹی کمشنر نے متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات تک پہنچانے،ریلیف کیمپ کے قیام ،متاثرین کیلئے خوردو نوش اور علاج معالجہ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اور کہا کہ نالہ لئی میں سطح آب کے بلند ہونے کی صورت میں تمام ادارے ہنگامی حالات میں ایس او پی کے مطابق اپنی کاروائیاں جاری رکھیں تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ نالہ لئی سے کچرا نکالے جانے والے کام کا جائزہ لیا اور کہا کہ تمام برساتی نالوں سے ہر قسم کی رکاوٹیں دور کر کے پانی کا بہائو کو جاری رکھا جائے۔