• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق، 7 ملزمان گرفتار

کراچی کے علاقے لیاری میں ڈکیتی میں مزاحمت پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا جبکہ پولیس نے مختلف کارروائیوں میں باپ کے قتل میں ملوث ملزم بیٹے سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا۔

پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے لیاری میں میراں ناکہ کی گلی نمبر 14 کے قریب ڈکیتی میں مزاحمت کے دوران نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 25 سالہ عدیل جاں بحق ہو گیا۔

دوسری جانب موچکو پولیس نے حب ریور روڈ پر پیٹرولنگ کے دوران 3 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ، منشیات، ایرانی ڈیزل اور مزدا ٹرک تحویل میں لے لیا۔

پولیس کے مطابق ملزمان منشیات فروشی اور ایرانی ڈیزل کی اسمگلنگ میں ملوث ہیں۔

ادھر 13 جولائی کو اورنگی ٹاؤن کے علاقے مومن آباد سے ملنے والی 50 سالہ شخص عمر کی لاش کا معمہ پولیس نے حل کر لیا، مومن آباد تفتیشی پولیس نے عمر کے قتل میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن عابد بلوچ کے مطابق گرفتار ملزمان میں عبداللطیف اور سلیم شامل ہیں، 15 سالہ ملزم عبداللطیف مقتول عمر کا بیٹا ہے اور ملزم نے اپنے باپ کی غلط عادات کے باعث دوست کے ساتھ مل کر اسے بے دردی سے قتل کیا۔

ملزمان نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ مقتول بیٹے اور اس کے دوست کو بد فعلی کرنے پر مجبور کرتا تھا اور جب بات برداشت سے باہر ہو گئی تو انہوں نے لوہے کی راڈ سے باپ کو قتل کر دیا۔

پولیس نے ملزمان سے آلۂ قتل بھی برآمد کر لیا ہے، گرفتار ملزمان اور مقتول باڑے میں ملازم تھے جبکہ ملزم سلیم اسٹریٹ کرائم، پولیس مقابلے اور ڈکیتی کی وارداتوں میں بھی ملوث ہے۔

دوسری جانب لیاری کے علاقے کلری سے پولیس نے 2 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا، گرفتار ملزمان بھتہ خوری اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔

تازہ ترین