کراچی( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) انٹر نیشنل ٹیبل ٹینس فیڈریشن نے عالمی ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ میں ٹیموں کی تعداد کم کر نے کا فیصلہ کیا ہے، نئے فیصلے کے تحت اب عالمی مقابلے میں 72ٹیمیں حصہ لینگی، پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن کے صدر ایس ایم سبطین نے ملائیشیا میں ہونے والے انٹر نیشنل ٹیبل ٹینس فیڈریشن کے اجلاس میں شر کت کے بعد وطن واپسی پر جنگ کو بتایا ہے کہ یہ فیصلہ میزبان ملک پر میزبانی کے بڑھتے ہوئے دبائو کے پیش نظر کیا گیا ہے جس میں میزبان ملک کو بہت زیادہ مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، نئے فیصلے کے تحت اب پانچوں بر اعظم سے عالمی مقابلے کے لئے کوالیفائنگ رائونڈ کرائے جائیں گے جس سے دو ٹاپ ٹیمیں عالمی ایونٹ کے لئے رسائی حاصل کریں گی، انہوں نے بتایا کہ براہ راست62 ٹیمیں ورلڈمقابلے میں شر کت کرینگی جبکہ دس کا فیصلہ کوالیفائنگ رائونڈ سے ہوگا،انہوں نے کہا کہ عالمی مقابلے میں ٹیموں کی تعداد72سے بھی کم کرنے کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو 2018کے ایونٹ کے لئے اگلے سال کے وسط میں اپنی رپورٹ آ ئی ٹی ٹی ایف کو پیش کرے گی۔