• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب نے شہباز شریف فیملی جائیدادیں، گاڑیاں اور کاروباری اثاثے منجمد کردیئے، منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار ملزم سے بھی جیل میں تفتیش کی اجازت

لاہور (نمائندہ جنگ)قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے اپوزیشن لیڈر محمد شہبازشریف اور انکے صاحبزادوں حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کے اثاثہ جات عارضی طور پر منجمد کرنے سے متعلق مختلف اداروں کے سربراہان کو خطوط لکھ دیئے ہیں۔دوسری جانب احتساب عدالت نے بھی نیب کو شہباز شریف خاندان کی مبینہ منی لانڈرنگ میں گرفتار ملزم آفتاب محمود سے جیل میں تفتیش کرنے کی اجازت دیدی۔تفصیلات کے مطابق نیب نے شہباز شریف فیملی کی جائیدادیں، گاڑیاں اور کاروباری اثاثے منجمد کرنے کیلئے مختلف اداروں کو خطوط لکھ دیئے ہیں۔ یہ خطوط شہباز شریف ، انکی بیگمات تہمینہ درانی، نصرت شہباز ، بیٹے سلمان شہباز اور حمزہ شہباز کے اثاثوں کی منتقلی یا فروخت روکنے کیلئے لکھے گئےہیں۔ شہباز شریف کی اہلیہ تہمینہ درانی کی ہری پور میں اراضی، ڈی اے ایچ لاہور میں 2گھر، نصرت شہباز کے ماڈل ٹاؤن میں 2پلاٹس اور ڈونگاگلی میں گھر، حمزہ شہباز کے جوہر ٹاؤن میں 9 اور جوڈیشل کالونی میں 4 پلاٹس، خاندان کے 14 ملوں میں شیئرز اور شہباز شریف کے نام 2لینڈ کروزر گاڑیوں کی عارضی منتقلی پر پابندی عائد ہوگی۔ نیب لاہور کی جانب سے ڈی جی ایل ڈی اے کو جوہر ٹاؤن لاہور میں واقع 9 پراپرٹیز منجمد کرنے کا کہا گیاہے۔شہباز شریف اور انکے خاندان کی ضلع ہری پور میں 3جائیدادیں ہیں جنہیں عارضی طور پر منجمند کرنے کے لیے ڈپٹی کمشنر ہری پور کو خط لکھا گیاہے۔ اسی طرح ڈی جی ایکسائز کو 2لینڈ کروزرز گاڑیاں منجمد کرنے، ڈی جی گلیات کو ڈونگا گلی میں واقع گیسٹ ہاؤس منجمد کرنے، چیئرمین ایس ای سی پی کو شہباز شریف خاندان کی 14کمپنیوں کے اثاثہ جات عارضی منجمد اورمنتقل نہ کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ ڈیفنس اور ماڈل ٹاؤن سوسائٹی کو بھی شریف خاندان کے اثاثے منجمد کرنے بارے خط لکھاگیاہے۔یہ فیصلہ آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیسز میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی جانب سے تسلی بخش جوابات نہ دے پانے پر کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق جب تک ان جائیداوں کو خریدنے کی منی ٹریل جمع نہیں کرائی جاتی تب تک تمام اثاثے منجمد رہیں گے۔ نیب ذرائع کے مطابق یہ تمام اثاثے شہباز شریف نے ٹی ٹی آمدنی سے خریدے گئے۔ ادھر احتساب عدالت لاہور نے نیب کی درخواست منظور کرتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ ٰپنجاب شہباز شریف خاندان کی مبینہ منی لانڈرنگ کے کیس میں ملزم آفتاب محمود سے جیل میں تفتیش کی اجازت دید ی ہے۔ نیب کے مطابق آفتاب محمود نے شریف فیملی کو لاکھوں ڈالر بیرون ملک سے منتقل کیے، وہ برطانیہ میں عثمان انٹرنیشنل منی ایکسچینج کے ذریعے رقوم پاکستان منتقل کرتا تھا۔ غیر ملکی جریدے ڈیلی میل کے انکشافات کے بعد ملزم سے مزید تفتیش درکار ہے۔ ملزم آفتاب محمود اسی کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہے۔

تازہ ترین