مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ نیب کی ملی بھگت سے ن لیگ پرآج پھر وار کیا گیا، بھونڈےطریقے سے شاہد خاقان کو ٹھوکر نیاز بیگ سے گرفتار کیا گیا۔
لاہور میں لیگی رہنما احسن اقبال، مریم اورنگزیب، ایازصادق، عظمیٰ بخاری اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی نے اہلکاروں سے کہا وہ قانون کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں، انہوں نے پوچھا کہ وارنٹ کہاں ہیں تو نیب حکام ایک دوسرےکا منہ دیکھنےلگے، شاہدخاقان نے کہا مجھے کوئی پریشانی نہیں مجھے آرڈر دکھائیں اورگرفتارکرلیں۔
ن لیگی صدر نے کہا کہ عمران نیازی ان اقدامات سے عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانا چاہتے ہیں، 11 مہینوں میں ملکی معیشت کا جنازہ نکال دیاگیا ہے۔ عمران نیازی تباہ شدہ معیشت کےجنازے کو گرفتاریوں سے چھپانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اورنج لائن کی طرح بجلی کا چوتھا پلانٹ بھی کھڈے لائن لگا دیا گیا ہے، اگر بجلی کا یہ پلانٹ مکمل ہوجاتا تو آج بجلی کا بحران بالکل نہ ہوتا، بجلی کی پیداوار بڑھانے کا کریڈٹ نوازشریف کی قیادت میں شاہدخاقان کو جاتا ہے، جبکہ گیس کی لوڈشیڈنگ ختم کرنے میں بھی شاہد خاقان عباسی کا کلیدی کردار ہے۔