• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’رنگ‘ روشنی کا انعطاف و عکس ہے۔ پردہ فراز پر پہلا عکس الٹ پڑتا ہے۔ اسپیکٹرم سے جو روشنی چھن کر باہر آتی ہے وہ رنگ کہلاتی ہے۔ اس کا ماخذ سورج کی سفید دھانی رنگت ہے، جو زمین کو اُجالے میں تبدیل کرتی ہے۔ سات رنگوں کے امتزاج سے بنائے جانے والے رنگوں کی تعداد ہزاروں تک پہنچ جاتی ہے۔ مختلف کلر شیڈ نہ صرف تعلیم و تدریس میں معاون ہوسکتے ہیں بلکہ رنگوں کی نفسیات، مزاج اور علامتیں جان کر آپ سیکھنے (Learning) کے عمل کو بھی تیز تر کرسکتے ہیں۔

حروف تہجی پر مبنی ضروری الفاظ کی ڈائری

اُردو اور انگریزی کی تعلیم و تدریس اب کوئی بھاری پتھر نہیں رہا۔ اُردو کے حروف تہجی کی کل تعداد 38اور انگریزی حروف تہجی کی کل تعداد 26 ہے۔ اُردو الفاظ کے لئے ’ا‘ سے ’ے‘ تک 38رنگوں کے فلیش کارڈز کا اہتمام کریں۔ مثلاً ’ا‘ سے ’’انار‘‘ کی ترتیب سےحرف ’الف‘ کے لیے سرخ رنگ کا کارڈ استعمال کریں۔ ’ب‘ سے ’’بادام‘‘ کے لئے سرمئی خاکستری، اس طرح کل 38فلیش کارڈز سبزیوں، پھلوں، پھولوں، پہاڑوں، درختوں اور سمندر کے رنگوں کے شیڈز سے بنائیں۔ یہی عمل انگریزی کے 26حروف تہجی کے لئے اپنائیں۔ Aسے Apple کے لئے سرخ فلیش کارڈ اور Bسے Banana کے لیے پیلا کارڈ۔ بازار میں بنے بنائے فلیش کارڈز بھی ملتے ہیں لیکن مختلف رنگوں کے شیڈز کے کارڈز آپ خود بنائیں گے تو زندگی میں کبھی کوئی لفظ نہیں بھولے گا۔ آپ رنگوں سے اپنے حرف کو پہچان لیں گے۔ اسمارٹ فون، لیپ ٹاپ، ٹیب یا ڈیسک ٹاپ پر فلیش کارڈز بنائیں یا مارکیٹ سے کلر شیٹس لا کر، یہ آپ کی بہترین تفریح بن سکتی ہے۔ سب سے پہلے درسی کتابوں سے مشکل الفاظ انڈر لائن کریں، پھر انھیں الگ الگ کلر کے کارڈز پر لکھتے جائیں۔ ماہرین انگریزی زبان کے ذخیرہ الفاظ میں 3000 الفاظ کو ضروری جانتے ہیں۔ 26فلیش کارڈز 3000بنیادی الفاظ اور ان کے استعمال پر مبنی ہوں گے۔ اردو حروف تہجی کے38فلیش کارڈز بھی 3000بنیادی الفاظ کے دائرے میں گھومتے ہیں۔ الفاظ کی یہ ڈائری مرتب کرنےکے لئے صرف ایک گھنٹہ صرف کریں۔ روز ایک ہی لفظ کے مختلف معانی و استعمالات پر توجہ دیں۔ پوری زندگی چاہت سے صرف کئے جانے والے یہ 3000دن کبھی فراموش نہیں ہوں گے۔

رنگوں کے ہماری زندگی پر اثرات

عمر کے ابتدائی برس حیرانی و استعجاب کے ہوتے ہیں، اس میں ہم اپنے ارد گرد موجود رنگوں کے اثرپذیر ہوتے ہیں۔ زیر و کس کے حالیہ سروے کے دوران تیسری کلاس سے بارہویں کلاس کے طالب علموں پر رنگوں کے اثرات کا مشاہدہ سامنے آیا۔ اس میں بہت کم ایسے طالب علم سامنے آئے جن کی درسی کتب باتصویر نہ ہوں۔ اسکولوں کے اکثر طالب علموں کا کہنا تھا کہ ’رنگ‘ ہوم ورک کو دلچسپ بنادیتے ہیں۔ زیادہ پیچیدہ مضامین کو سمجھنے میں رنگ بہت معاون ہوتے ہیں۔ 58فیصد طالب علموں نے کہا کہ باتصویر اور رنگ برنگی درسی سائنسی کتابوں سے سمجھنے میں آسانی ہوتی ہے۔ 77فیصدطالب علم رنگوں سے بہت جلدی سیکھ جاتے ہیں۔ باتصویر اردو اور انگریزی درسی کتابوں کے بڑھتے رجحان کے ساتھ ساتھ تعلیم و تدریس میں فلموں سے بھی مدد لی جاتی ہے۔

رنگوں کی نفسیات اور تعلیم و تدریس

رنگوں کو الیکٹرو میگنیٹک اسپیکٹرم کا حصہ قرار دیں تو یہ خالصتاً توانائی کی ایک قسم ہے۔ طول موج (Wave Lenght) کی اپنی میگنیٹک فریکوئنسی ہے اور رنگ ہمارے دماغ کے عصبی راستوں پر اثرانداز ہوتے ہیں، یہ حیاتی کیمیائی ردعمل پیدا کرسکتے ہیں۔ ڈاکٹر رابرٹ جیرارڈ نے رنگوں کے ان اثرات کو دریافت کرتے ہوئے کہا کہ ہر رنگ کی خاص طول موج ہوتی ہے، جو ہمارے جسم و ذہن پر مختلف انداز سے اثر انداز ہوتی ہے۔ درست رنگ کے استعمال سے نہ صرف سیکھنے کا عمل تیز ہوتا ہے بلکہ رنگوں سے تدریس الزائمر کے مریضوں کی یادداشت بھی تیز کرتی ہے۔’مائنڈ میپ‘گیم بھی رنگوں سے کھیلنے کا فن ہے۔ کائنات کے نیلے، سبز اورسپیدۂ سحر رنگ ہمیں پیغام دیتے ہیںکہ ’’سب رنگ‘‘ زندگی کے ہیں۔ سرخ رنگ جب اپنی آب و تاب دکھاتا ہے تو چاہت کے پھول مہکنے لگتے ہیں۔ ناصر کاظمی بے ساختہ پکار اٹھتے ہیں:’’رنگ باتیں کریں اور باتوں سے خوشبو آئے‘‘۔

سبز :ارتکاز توجہ بڑھانے میں کارگر

فطرت کا رنگ سبزتوجہ کوایک جگہ قائم رکھنے میں طلسماتی تاثیر کا مالک ہے۔ یہی سبز رنگ ماحولیات اور اسلام کا بھی من پسند رنگ ہے، جس کے جلو میں توجہ بہتر ہوتی ہے۔ دنیا بھر میں یہ بات بھی تسلیم کی گئی ہے کہ جہاں سبز دفاتر ہوں گے وہاں ملازمین کی کارکردگی بہتر ہوگی۔ جہاں شاپنگ سینٹرز میں سبزے کی چادر بچھی ہوگی وہاں سب سے زیادہ شاپنگ ہوگی۔ آپ اسٹڈی روم کوہرے رنگ سے سجاکر خود کو فطرت کی لطافتوں سے محظوظ کرسکتے ہیں۔ 150یونیورسٹی طالب علموں پر ڈاکٹر کیٹ لی کے نتائج میں سبز چھت تلے مطالعے کے ’توجہ‘ پر حیران کن اثرات نظر آئے۔ یہ رنگ دوران مطالعہ جوش و جذبے کو بڑھانے اور توانائی بحال کرنے میں ممد و معاون ہوتا ہے۔

نارنجی:موڈ خوشگوار بنانے والا رنگ

ماہرین طب نارنجی (Orange)کو دماغ میں آکسیجن کی زیادہ مقدار پہنچانے کے لئے کارآمد قرار دیتے ہیں کیوں کہ اس سے ذہنی صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے، جس سے تھکن کا احساس کم اور موڈ خوشگوار ہوجاتا ہے۔

نیلا:تخلیقی صلاحیتوں میں نکھار لانے والا رنگ

نیلا سمندر اور آسمان کا رنگ ہے، جسے جنت کے رنگ میں شمار کرتے ہوئے طمانیت و سکون اور استحکام و تاثر انگیزی کی علامت مانا جاتا ہے۔ تحقیق کے مطابق انتہائی تخلیقی کام میں مصروف لوگوں کی تخلیقی صلاحیتیں نیلے ماحول میں زیادہ بارآور اور پیداواری ہوجاتی ہیں۔ نیلا کاغذ، نیلا قلم ودوات یا نیلا ہائی لائٹر مطالعے میں بہتری لاتا ہے۔

تازہ ترین